محکمہ بجلی کی تھنہ منڈی میں کارروائی جاری

 تھنہ منڈی// محکمہ بجلی کی ہدایات پر بجلی ملازمین نے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے وارڈ نمبر ایک اور دو میں محکمہ کے انسپکٹر سجاد احمد چوہدری کی سربراہی میں بجلی چوری کے خلاف ایک خصوصی مہم چلائی گئی جس کے دوران غیر قانونی طور پر بجلی کی چوری کیلئے استعمال ہونے والے ہیٹر ،بائیلرز و دیگر سازو سامان ضبط کر کے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ واضح رہے کہ انسپکٹر سجاد چوہدری کی جانب سے اس علاقے میں چھاپے ماری کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر سجاد چوہدری نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ لوگ کثیر تعداد میں ہیٹر ، بائلر اور دوسری طرح کا الیکٹرانک سامان استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے بہت زیادہ اور لوڈ ہو رہا ہے اور اورلوڈنگ کی وجہ سے قصبہ میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ آفیسر موصوف نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں لوگوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی جا رہی ہے البتہ متعدد جگہوں پر ابھی بھی بہت سارے لوگ غیر قانونی طور پر بجلی کا استعمال کر رہے ہیں جن کی نشاندہی کی جا چکی ہے جن کے خلاف آئے دن چھاپے ماری کا لگاتار سلسلہ جاری ہے۔ انسپکٹر سجاد چوہدری نے بتایا کہ لوگ اپنے گھروں میں ہیٹروں اور بائلروں کا بیتحاشہ اور لگاتار استعمال کر رہے ہیں اور رسوئی خانوں میں چھاپے ماری کے دوران اکثر مستورات سے واسطہ پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کے کام میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ انھوں نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھروں کی چیکنگ کے دوران انھیں اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں۔ میڈیا کی وساطت سے محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین نے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کا جائز اور مناسب استعمال کریں تاکہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کی گئی کاروائی کے دوران انسپکٹر سجاد چوہدری اور دیگر ملازمین نے غیر قانونی طور پر ہیٹر ، بائیلر اور دیگر استعمال کئے جا رہے الیکٹرانک سامان کو قبضے میں لے کر بجلی چوروں کے خلاف قانونی کاروائی کی۔ انھوں نے بجلی کا ناجائز استعمال کرنے والے صارفین کو انتباہ دیا کہ اگر انہوں نے بجلی کے ناجائز استعمال پرروک نہ لگائی تو بہت جلد اس طرح کے غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔