قاضی گنڈ// قاضی گنڈکے مضافاتی علاقہ وارپورہ کنڈ میں ایچ ٹی لائن کی مرمت کیلئے کام کررہے ایک کیجول لیبر محکمہ بجلی کی بدترین غفلت شعاری کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔ زبیر احمد میر ولد عبدالرشید میر ساکن ورپورہ کنڈ، محکمہ میں کیجول لیبر کی حیثیت سے کام کرتا تھا۔وہ اپنے علاقے میں ایچ ٹی لائن میں مرمت کررہا تھا کہ اچانک اُس میں بجلی سپلائی بحال ہو گئی اور مذکورہ نوجوان بری طرح جھلس کرنیچے گر ا۔ مقامی لوگوں نے اگر چہ مذکورہ کیجول لیبر کو زخمی حالت میںاُٹھا کر فوری طور پرایمرجنسی اسپتال قاضی گنڈ پہنچایا،تاہم وہ اسپتال پہنچتے ہی زخموںکی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔جونہی یہ خبر اُس کے آبائی گائوں میں پھیل گئی تو وہاں کہرام مچ گیااور خواتین سینہ کو بی کرتی ہوئیں گھروں سے باہر آئیں۔ مذکورہ کیجول لیبر ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور وہ بڑی مشکل سے اپنا گھر چلار رہا تھا ۔مقامی لوگوںنے محکمہ کی اس جان لیوا لاپرواہی پر زبردست غم و غصہ کا اظہار کیاہے۔