سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یوم مئی کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محنت کش اور مزدور طبقوں کے بہت سارے حقوق واگذار کئے گئے ہیں اور اس بارے میں ابھی بہت کام باقی ہے اور دنیا بھر کی جمہوری حکومتوں کو اِس سلسلے میں اپنی کوششیں تیز تر کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹرفاروق نے کہا ،کہ دنیا بھر کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھانے والا مزدور آج بھی افلاس اور غربت کے شکنجوں میں بند پڑا ہے اور غریبی کی ریکھا سے نیچے زندگی بسر کررہا ہے۔ ڈاکٹر فارق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی تحریک کا بنیادی مقصد ومدعا محنت کش اور مزدور طبقوں کے حقوق واگذار کرنا تھا، کیونکہ شخصی راج میں مزدور، محنت کشوں اور کاشتکاروں کو زبردست عتاب کا نشانہ بنایا جارہا تھااور کشمیر کی شالباف اور ریشم خانہ تحریکیں نیشنل کانفرنس کی جدوجہد کی بنیاد تھی۔ اُنہوں نے کہاکہ پارٹی کے نیا کشمیر پروگرام میں مزدور محنت کش طبقوں کی بھرپور ترجمانی کی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ نیا کشمیر پروگرام محنت کشوں اور غریب طبقوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے آج بھی بھاری اہمیت کا حامل ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہماری جماعت اقتصادی پروگرام کو روبہ عمل لانے کا موقعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔