محمود آباد ڈورو سڑک ناقابل آمدورفت

اننت ناگ //ڈورو شاہ آباد کے محمود آباد کی سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے جس کے سبب مقامی آبادی کو عبورومرور میں سخت مشکلات پیش آرہے ہیں۔4کلومیٹر پر مشتمل یہ سڑک ڈورو سے قاضی گنڈ پہنچنے کیلئے نزدیک راستہ ہے ۔سڑک پر ٹریفک بالخصوص مال بردار گاڑیوں کا کافی دبائو رہتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ سڑک کئی گائوں سے گذرتی ہے اور سڑک کے اطراف میں کشمیری شاعر محمودگامی کا مزار اور صنعتی علاقہ بھی قائم ہے ۔کئی سال قبل آر اینڈ بی محکمہ نے سڑک پرمیکڈم بچھایا تھا تاہم سخت ٹریفک دبائو کے باعث سڑک اب مکمل طور ناقابل آمدورفت بن گئی ہے ۔لوگوں کا کہناہے کہ سب ڈویژن ڈورو کی بیشتر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا تاہم اس اہم سڑک کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔انہوں نے چیف انجینئر آر اینڈ بی سے اپیل کی ہے کہ موسم سرما سے قبل سڑک پر میکڈم بچھایا جائے ۔