محلہ ڈنگس میں نالے پر غیر قانونی تعمیرات جاری

پونچھ// وارڈ نمبر 3 محلہ ڈُنگس پونچھ میں نالے کی گزر گاہ پر غیرقانونی طور پر تعمیرات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کے سبب مقامی لوگ گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے ہم2014کے سیلاب میں بہت زیادہ نقصان اٹھا چکے ہیں اور اب دوبارہ نالے کی گزر گاہوں پر لوگوں نے تعمیرات کرنا شروع کیا ہے۔انھوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ سب کچھ جانتے ہوئے خاموش تماشا ئی بنی ہے جس کی وجہ سے لوگ غیر قانونی سرگرمیاں کسی خوف کے بغیر انجام دے رہے ہیں۔ مقامی شہریوں نے میونسپل کونسل کے افسروں اور میونسپلٹی کے چیئر مین اور کونسلروں سے بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے مقامی شہری راکیش شرما نے کہا کہ لوگ بغیر سوچے سمجھے ایسی سرگرمیاں کس طرح انجام دے سکتے ہیں۔انھیں نے کہا کہ کیا وہ جانتے نہیں کہ 2014کے سیلاب نے کیا قہر برپا کیا تھا ۔انھوں نے کہا کہ ضلع پونچھ میں کبھی بھی تیز بارشیں شروع ہو جاتی ہیں اور جس طرح دریا اور نالوں کے کناروں پر تعمیرات ہو رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ کہیں ہمیں پھر 2014کی طرح نقصان نہ اٹھانا پڑے ۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ سے اس سلسلے میں کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں فوری طور پر بند کریں تاکہ لوگوں کو مستقبل قریب میں ہونے والی کسی بھی قسم کے خطرے سے بچایا جاسکے۔