محلہ چنگی وارڈ نمبر1 پونچھ میں سڑک کی خستہ حالت شہریوں کو مشکلات کا سامنا، مرمت کا کیا مطالبہ

حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے شہر خاص میں محلہ چنگی وارڈ نمبر ایک کی سڑک خستہ حالی کا شکار ہے جس کے سبب شہریوں کا یہاں سے گزرنا مشکل ہو رہا ہے،خاص طور پر معمر افراد اور خواتین کو پریشانی رہتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کیا انتظامیہ کسی حادثے کے بعد بیدار ہوں گے؟۔محمد اسلم نامی ایک بزرگ شخص کا کہنا تھا کہ سڑک پر ناجائز تجاوزات کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے نکاس آب متاثر ہوا ہے جو علاقہ کے باشندوں کیلئے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا مختلف مقامات پر راستے میں اس قدر گڑھے ہیں کہ راہ گیروں کا یہاں سے گزر نا مشکل ہو گیا ہے۔بارش کے دنوں میں گڑھوں میں پانی بھرا رہتا ہے۔جبکہ یہاں سے اسکولی طلبہ، خواتین اور معمر افراد کا گزر ہوتا رہتا ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ علاقے کی سڑک کی خستہ حالی پر کسی کی توجہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا ’’ شہریوں کو ہونے والی پریشانی دور کرنے کی غرض سے سڑک کی مرمت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور سماجی تنظیمیں اس وقت بے حسی کی چادر اوڑھے سو رہی ہیں الیکشن قریب آتے ہی اٹھیں گی اور سرگرم ہو جائیں گی۔ انہوں نے جلد از جلد سڑک کی مرمتی کرنے اور تجاوزات کو روکنے کے اقدام کرنے کی حکال سے اپیل کی ورنہ عوام کو مجبوراً بڑے پیمانے پراحتجاج کیلئے سڑک پر اترنا پڑے گا۔