محلہ ترکھانہ اور ڈاراں کی عوام سڑک سے محروم

منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی سے 5 کلو میٹر کی دوری پر واقع گاؤں بیدار بی کے محلہ ترکھانہ اور ڈاراں کی عوام اس ترقی یافتہ دور میں بھی سڑک جیسی بنیادی سہولیت  سے محروم ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں رہنے والے لوگ مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔1200 سے زائد نفوس پر مشتمل ان دو علاقوں کے لوگ ترقی یافتہ دور میں بھی پیدل چلنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان کے بچوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے سکول جانا پڑرہاہے ۔ اسی سلسلہ میں اتوار کو بیدار بی کے محلہ ترکھانہ اور ڈاراں کے معزز لوگوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے سڑک کے سلسلہ میں گفت و شنید کرتے ہوئے انتظامیہ سے محلہ ٹھکراں سے محلہ ڈاراں تک رابطہ سڑک فراہم کرنے کی اپیل کی ۔ اعجاز احمد نامی ایک شخص نے بتایا کہ  عرصہ دراز سے یہاں کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے وہیںتاہم انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے بغیر کسی علاقہ کی تعمیر و ترقی ممکن نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ طلباء کیساتھ ساتھ مریضوں کو دقتوں کا سامان کرنا پڑ رہاہے ۔اس اجلاس کے دوران مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کیلئے ایک یاداشت بھی تحریر کی ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ علا قہ کی عوام کو سڑک کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔