محلہ بچتر نگر میں رابطہ سڑک انتہائی خستہ | عام راہگیروں کے ساتھ ساتھ اسکولی بچوں کو پریشانی کا سامنا 

حسین محتشم

پونچھ//قصبہ پونچھ کے محلہ بچتر نگر میں میں گورنمنٹ مڈل سکول کے سامنے سے ضلع ہسپتال جانے والی سڑک انتہائی خستہ حال ہوگئی ہے۔، سڑک  کے گڑھے راہگیروں کیلئے پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ ضلع ہیڈ کوارٹر پر سڑک اسقدر خستہ حال اور بدحال ہے کہ برسات کے دنوں میں اس سڑک سے گزرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ گورنمنٹ مڈل اسکول  میں پڑھنے والے بچوں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اسکول میں زیر تعلیم بچوں نے بتایا کہ بد قسمتی سے بارہا اعلی حکام کو متوجہ کرنے کے باوجود سڑک بدحال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کے درمیان بڑے بڑے گڑھے ہیں جس کی وجہ سے اس راستہ سے غلطی سے کوئی بھی گزر گیا ہے تو اسکا زخمی ہوناطے ہے۔ایک مقامی شخص نے کہا عوامی نمائندے  الیکشن میں آتے ہیں تو پھر وعدہ کر کے غائب ہوجاتے ہیں جن کی عدم توجہی کی وجہ سے آج تک سڑک نہیں بن پائی ہے ہلکی بارش میں بھی چلنے کے لائق نہیں رہتی ہے۔انہوں نے کہا بدحال اور خستہ حال سڑک کی وجہ سے کوئی بھی ڈرائیور اس سڑک سے نہیں گزرتے حاملہ یا کسی مریض کو دوسرے راستے سے اسپتال لے جانا پڑتا ہے۔مقامی شہریوں اور بچوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے اس سڑک کی مرمت کروائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نجات حاصل ہو سکے۔