محبوس نعیم خان کے مشن کو آگے بڑھایا جائیگا: نیشنل فرنٹ

سرینگر//نیشنل فرنٹ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام مرکزی زعما اورتمام اضلاع سے آئے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران موجودہ سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خاص کر چیئر مین نعیم خان کی گرفتاری کے بعد پارٹی امورات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اورمتعدد پارٹی ذمہ داروں نے خطاب کیا۔ مقرین نے محبوس چیئر مین نعیم خان کی استقامت اور عزم کو سلام پیش کیا جو کشمیر تنازع کے سیاسی حل کی وکالت کرنے کی پاداش میں دلی کے تہار جیل کے اندر ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ اگر چہ مسلسل قید و بند کے نتیجے میں نعیم خان کی صحت کافی خراب ہوگئی ہے لیکن اُنہیں اپنی صحت کے بجائے قوم کو درپیش مصائب کی فکر دامن گیرہے۔مقررین نے اجلاس کے دوران یہ عزم دہرایا کہ نعیم خان کے پر امن سیاسی مزاحمت کے مشن کو ہر قیمت پر آگے بڑھایا جائے گا کیونکہ اُنہوں نے اپنے پورے سیاسی کیریئر کے دوران کارکنوں کو یہی بات سکھائی ہے کہ صبر و استقامت کا مظاہرہ کرکے مزاحمت کی راہ پر ڈٹ جانا چاہئے۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ نعیم خان کے مشن کی حفاظت کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا اور سرکاری حکام کے ہر ظلم کے باوجود تحریک آزادی کی راہ پر گامزن رہنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔حالانکہ سرکاری حکام جد و جہد آزادی کو زک پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں لیکن نعیم خان کے شاگرد ہر مشکل کا مقابلہ کرکے سیاسی جد و جہد کی راہ ترک نہیں کریں گے۔مقررین نے اطراف و اکناف میں فورسز کے بڑھتے مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کارکنوں اور عام نوجوانوں کا جینا دو بھر کیا جارہا ہے۔