محبوبہ مفتی کی اپیل پر ڈاکٹر فاروق کی ’ہاں‘، کُل جماعتی میٹنگ اسی ہفتے

 سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ریاست کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے نیشنل کانفرنس سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو کل جماعتی میٹنگ طلب کرنے کی درخواست کی ،جسے مثبت قرار دیکر این سی صدر نے اسی ہفتے میٹنگ بلانے کا اعلان کیا ہے۔ وادی میں آئین ہند کی شق35 اے کی تنسیخ پر خدشات اور چمہ گوئیوں کے بیچ محبوبہ مفتی نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹرکا سہارا لیکراپنا پیغام درج کرتے ہوئے کہا’’ حالیہ صورتحال کی روشنی میں،جس کے نتیجے میں جموں کشمیر کے لوگوں میں خوف و ہراس کا احساس پیدا ہوا ہے،میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ کل جماعتی میٹنگ طلب کریں‘‘۔ محبوبہ مفتی نے تحریر کرتے ہوئے کہا ’’وقت کی ضرورت ہے کہ سب مل جائیں اور مشترکہ ردعمل پیش کریں،ہمیں اہل کشمیر کو ایک ہوکر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے‘‘۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے محبوبہ مفتی کی اپیل پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا’’میں اس بارے میں پر امید ہوں، میں اسی ہفتے کل جماعتی میٹنگ طلب کروں گا‘‘۔ نئی دہلی میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے بتایا ’’ہم ہندوستانی ہیں لیکن دفعہ 35Aاور 370ہماری شناخت کیلئے ناگزیر ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 35Aاور 370کو منسوخ نہیں کیا جانا چاہیے، یہ ہماری بنیاد ہے، اس کو ہٹائے جانے کی ضرورت نہیں ہے،ہم ہندوستانی ہیں لیکن دفعہ 35Aاور 370ہمارے لئے ضرور ی ہے‘‘۔