سرینگر/پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سنیچر کو مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گذشتہ برس کی طرز پر کشمیر کے اندر ماہ رمضان کے دوران جنگ بندی کا اعلان کرے۔
محبوبہ نے جنگجوئوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی ماہ رمضان کے دوران اپنے حملوں کو بند کریں۔
محبوبہ نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا'' میری مرکزی حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ماہ رمضان کے دوران جنگجوئوں کے ساتھ سیز فائر کا اعلان کرے، جیسا کہ گذشتہ برس کیا گیا تھا''۔
انہوں نے مزید کہا''میری اپیل ہے کہ فورسز آپریشنز کو مکمل طور بند کیا جائے تاکہ لوگ کسی ڈر اور مشکل کے بغیر عبادات انجام دے سکیں''۔
محبوبہ نے جنگجوئوں سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا''ماہ رمضان عبادات کا مہینہ ہوتا ہے،میری اپیل ہے کہ آپ بھی پورے مہینے کیلئے اپنے حملے بند کریں''۔