محبوبہ مفتی کا پیر پنجال دورہ

پونچھ//جنرل سیکریٹری پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ایڈوکیٹ معروف خان نے کہا ہے کہ پارٹی صدر کے پیر پنچال دورے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔پونچھ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے موصوف نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے پونچھ اور راجوری کے دورے کے سلسلہ میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں تما م تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ معروف خان نے کہا کہ "5 اگست 2019 کے فیصلے کے بعد پیر پنجال کے لوگوں میںمایوسی پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ نے ایک سال سے زیادہ عرصے سے پیر پنجال کے علاقے کا دورہ نہیں کیاجبکہ پارٹی کے تمام کارکن شدت کے ساتھ ان کے علاقے کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کارکن ، بلاک ، صوبے کی سطح اور ضلع سطح کے نامزد افراد اور کارکنان اس کے استقبال کیلئے جوش کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیر پنجال خطے کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے روشن مستقبل کے لیے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی میں شامل ہوں اور اسے مضبوط کریں۔