محبوبہ مفتی کا حریت سے ساز باز

سرینگر //سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبد اللہ نے بدھ کو دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا حریت کیساتھ ساز باز ہے۔انکا کہنا تھا کہ پی ڈی پی نے حریت کی وجہ سے ہی جیت حاصل کی اور اسی وجہ سے جنوبی کشمیر میںاُس کی مضبوط پکڑ ہے ، یہ خود اسکا جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے پوچھا جائے کہ معاملے کی تحقیقات کرے ۔انڈیا ٹوڈے کو ایک انٹرویو کے دوران فاروق عبداللہ نے کہا کہ محبوبہ مفتی حریت کے ساتھ ملی ہوئی ہیں اور کابینہ کاایک وزیر وہی بیان لکھتا ہے جو سید علی گیلانی دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی تعجب نہیں ہے کہ رپورٹوں نے تجویز کیا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے سوموار کی شام علیحدگی پسند لیڈروں کی سرینگر سے دہلی منتقلی میں کچھ رکاوٹ ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ آپ کو اس کےلئے ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ کو ذمہ دار ٹھہرانا چاہئے اور بی جے پی کو ان کا ساتھ چھوڑدیناچاہئے ۔