محبوبہ مفتی نے نیوز لیٹر ’سپیک اپ‘ جاری کیا

سری نگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے جمعرات کو پارٹی کے نیوز لیٹر ’اسپیک اپ ‘کا پہلا شمارہ جاری کیا۔ خبر نامہ کو محبوبہ مفتی کی سرکاری رہائش گاہ پر پی ڈی پی کے سینئر لیڈروں نعیم اختر، عبدالرحمان ویری اور غلام نبی لون کی موجودگی میں جاری کیا گیا۔ نیوز لیٹر جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور سیاسی مسائل پر پارٹی کے موقف کے بارے میں پی ڈی پی کارکنوں تک پہنچنے کی کوشش ہے۔نیوز لیٹر کے اداریے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیے ہوئے 2 سال سے کچھ زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اورتب سے موجودہ حکومت کے ہر فیصلے کا مقصد کشمیریوں کی اجتماعی سزا اور تذلیل ہی ہے۔اس میں لکھا گیا ہے،’’ہماری معیشت تباہ حال ہے، سیکورٹی کی صورتحال سنگین ہے اور بے چینی کا وسیع احساس، اور ابلتا غصہ ہے۔‘‘اداریہ میں مزید لکھا ہے کہ عام حالات میں غم و غصہ ہوتا لیکن یہ کوئی عام اوقات نہیں ہیں۔اداریہ میں تحریر کیا گیا ہے’’اختلافات کو مجرمانہ بنا دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، اس عرصے میں پریس کی آزادی میں بھی زبردست کمی آئی ہے اور صحافیوں کو انسداد دہشت گردی کے قوانین کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔‘‘اداریہ میں کہا گیا ہے کہ کسی کو قانون شکنی کی سزا نہیں دی جاتی بلکہ تکلیف دہ سچائی بیان کرنے پر سزا کا مستحق قرار دیا جاتا ہے۔