محبوبہ مفتی نے لیفٹیننٹ گورنر کو ہدف تنقید بنایا

نیوز ڈیسک
سری نگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ واقع مارتند سوریہ مندر میں پوجا پاٹ کرنے پر ہدف تنقید بنایا ہے۔

 

ان کا کہنا ہے کہ موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا( اے ایس آئی) کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

 

موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔

 

وہ ان رپورٹس پر اپنا رد عمل ظاہر کر رہی تھیں جن میں کہا گیا کہ اے ایس آئی نے منوج سنہا کے اننت ناگ میں تحفظ شدہ مارتند مندر کے دورے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے محفوظ یادگاروں سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

 

محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹ میں کہا: ’ہزاروں کشمیری بے بنیاد الزامات کے تحت قید خانوں میں بند ہیں ریاست کا سربراہ اے ایس آئی کی طرف سے تحفظ شدہ مقام پر پوجا کرکے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں‘۔

 

ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’جموں و کشمیر میں حکومت پوجا پاٹ اور لوگوں کو دباؤ کے تحت خاموش کرنے تک محدود رہ گئی ہے‘۔