محبوبہ مفتی خانہ نظر بند

سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو انتظامیہ نے سنیچر کو کوکر ناگ جانے کی اجازت نہیں دی۔ اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میںان کا کہنا تھا: ‘مجھے آج ایک بار پھر خانہ نظر بند رکھا گیا۔ میں آج سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے ایک عام شہری کے گھر جانا چاہتی تھی، حکومت ہند چاہتی ہے کہ ہم منتخب ہلاکتوں کی مذمت کریں وہ (حکومت ہند) ان ہی معاملوں میں مشتعل ہوجاتے ہیں جن میں لوگوں کو گروہوں میں منقسم کرنے کے لئے نفرت کی سیاست کی جاتی ہے ’۔محبوبہ مفتی نے دوسرے ٹویٹ میں کہا: ‘جموں و کشمیر میں حالات بد سے بدتر ہوگئے ہیں، میرے خدشات اس حقیقت سے مزید مستحکم ہوجاتے ہیں کہ حکومت ہند اصلاحی اقدام کی بجائے انتخابات میں اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے طاقت کی پالیسی جاری رکھے گی۔ معاملہ اترپردیش میں ہونے والے انتخابات کا ہے ’۔بتادیں کہ منگہال برج کے نزدیک ایک ناکے پر جمعرت کی شام سی آر پی ایف نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔مہلوک شخص کی شناخت پرویز احمد خان کے بطور کی گئی جو کہری بل اننت ناگ میں ایک کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔