سرینگر//پی ڈی پی نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کیساتھ ملاقات کرنے کیلئے سرینگر ضلع مجسٹریٹ سے اجازت طلب کی ہے۔ ایڈوکیٹ غلام نبی لون ہانجورہ ،عبدالرحمان ویری،خورشیدعالم اوراعجاز میرنے ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کو ایک مشترکہ درخواست دی جس میں انہوں نے ضلع مجسٹریٹ سے مخاطب ہو کر لکھا ہے ’’جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ پی ڈی پی سربراہ اور سابق وزیر اعلی جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کو آرٹیکل 370 کے غیرقانونی طور پر منسوخ کرنے اور اس کے بعد جموں و کشمیر کو دو یوٹیز میں تقسیم کرنے کے بعد اگست 2019 سے جیل بھیج دیا گیا اوربدقسمتی سے ریاستی انتظامیہ نے بار بار کوشش کے باوجود ہمیں ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی ، ہم میں سے بیشتر بغیر کسی تحریری قانونی احکامات کے غیر قانونی طورنظربند ہیں‘‘۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ انکی رہائش گاہ کوسب جیل قرار دیا گیا ہے، اور وہ پی ایس اے کے تحت نظربند ہیں۔لیکن کچھ ایسے قانونی حقوق ہیںجن کی خلاف ورزی کی جارہی ہے،جن میںقانونی امداد اور مناسب طبی سہولیات کے علاوہ ہفتے میں کم از کم دو بار ان سے ملنابھی شامل ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ سے کہا گیا ہے کہ پارٹی ممبران کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں ہے، جسکی اجازت دی جائے۔
محبوبہ سے ملاقات کیلئے پی ڈی پی لیڈران کی درخواست
