مثبت مریضوں کی گھر واپسی

 سی ڈی اسپتال میں 16کے رپورٹ بھی منفی قرار،آج گھر بھیج دیا جائیگا

 
 سرینگر //جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری میں زیر علاج 2کمسن بچیوں کے ٹیسٹ دو بار منفی آنے کے بعد انہیں گھر روانہ کردیا گیا ہے۔ دونوں بچیوں کوکورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد رعنا واری اسپتال میں19روز قبل 26مارچ کو داخل کیا گیا تھا۔اس طرح ابتک وادی میں کورونا میں مبتلا ان دو بچیوں کے سمیت تین افراد کو گھربھیج دیا گیا ہے جن میں خانیار کی خاتون بھی شامل ہے۔جے ایل این ایم اسپتال میں کورونا وائرس بیماری پر نظر رکھنے کیلئے تعینات ڈاکٹر بلقیس نے بتایا ’’ سوموار کو دونوںکمسن بچیوں کی رپورٹ منفی  آنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا ‘‘۔ ڈاکٹر بلقیس نے بتایا ’’4سالہ اور 8سالہ لڑکیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے کیونکہ ان کے ایک قریبی رشتہ دار عمر ہ کرکے واپس لوٹے تھے‘‘۔ڈاکٹر بلقیس نے بتایا ’’ اسپتال میں11دن گزارنے کے بعد دونوں لڑکیوںکے خون کی تشخیص کی گئی تھی لیکن ٹیسٹ پھر مثبت آئے تھے تاہم وائرس کی مقدار میں کمی صاف ظاہر ہورہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں لڑکیوں کے دو روزقبل پھر دو بار نمونے تشخیص کیلئے لئے گئے لیکن اس بار خوشی کی بات یہ ہے کہ تشخیصی رپورٹ منفی آئے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں لڑکیوں کو 19 روزتک زیر علاج رہنے کے بعد فارغ کردیا گیا ۔انہوں نے کہا ’’ دونوں لڑکیوں کی ماں بھی اسپتال میں تھی لیکن اس کے خون کے نمونے پہلے ہی منفی قرار دئے گئے تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سکمز میں وادی کی پہلی کورونا مریض خاتون کے علاوہ مزید 4مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ سی ڈی اسپتال میں مثبت قرار دیئے گئے 16مریضوں کے دو بار ٹیسٹ کئے گئے جو منفی آئے ہیں اور اب انہیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔