ابوظہبی//متحدہ عرب امارات نے اعزازات کی اپنی طویل فہرست میں ایک حالیہ نیا اضافہ کیا ہے۔ یہ اضافہ تارکین وطن کے لئے گولڈن کارڈ مستقل اقامہ کا اجراء ہے۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے منگل کے روز مستقل سکونت پروگرام کا اجرائکیا۔ اس پروگرام سے استفادہ کرنے والے 6800 سرمایہ کاروں کی دبئی میں سرمایہ کاری کا حجم ایک سو ارب اماراتی درہم سے زیادہ ہے۔ یو اے ای کا گولڈن کارڈ اقامہ طب،انجینئرنگ اور سائنس کے شعبے میں غیر معمولی پیشہ وارانہ ٹریک ریکارڈ کے حامل غیر ملکیوں کو جاری کیا جائے گا۔ نیز ملک میں غیر معمولی سرمایہ کاری کرنے والے تارکین وطن کو بھی مستقل سکونت دی جائے گی۔ ٹویٹر پر گولڈن کارڈ مستقل سکونتی پروگرام کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے شیخ محمد نے کہا کہ امارات میں مستقل سکونت کا پروگرام شروع کیا ہے۔ گولڈن کارڈ سسٹم سے استفادہ کرنے والوں میں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل شخصیات اور امارات کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے والے شامل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انہیں اپنا مستقل شریک بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ہمارے ساتھ چل سکیں۔ یو اے ای میں بسنے والے تمام تارکین وطن ہمارے بھائی ہیں اور ہم انہیں امارات کے عظیم فیملی کا حصہ سمجھتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب نے بھی اپنے مقیم تارکین وطن کیلئے امریکی گرین کارڈ طرز پر مستقل اور مخصوص مدت کے لئے کارآمد منفرد اقامہ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب تک سعودی عرب نے اپنی سرکاری پالیسیوں کے تحت وہاں رہنے والے تارکین وطن کو مستقل رہائش کا حق دینے میں بہت ہی ہچکچاہٹ سے کام لیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے’گولڈن کارڈ‘ پروگرام کا آغاز کردیا
