واشنگٹن //امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مابین امن معاہدہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات استوار کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات کو معمول پر لانا ایک 'بہت بڑی پیشرفت' ہے۔بعدازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے خطے میں مسلمان پڑوسیوں کے مابین مزید سفارتی کامیابیاں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ 'کچھ ایسی پیش رفت متوقع ہیں جس کے بارے میں ابھی بات نہیں کرسکتا'۔ ٹرمپ، اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد النہیان کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ انہیں امید ہے کہ 'یہ تاریخی پیشرفت مشرق وسطیٰ میں امن کو آگے بڑھائے گی'۔امریکا کے صدر نے کہا کہ اسرائیلی اور متحدہ عرب امارات کے وفود آئندہ ہفتوں میں سرمایہ کاری، سیاحت، براہ راست پروازوں، سلامتی اور باہمی سفارتخانوں کے قیام سے متعلق دوطرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ 'متحدہ عرب امارات کی حمایت کے ساتھ امریکی صدر کی درخواست پر اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے کے بڑے حصوں کو منسلک کرنے کے اپنے منصوبوں کو معطل کردے گا'۔علاوہ ازیں مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل، عرب اور مسلم دنیا کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے پر اپنی کوششوں پر توجہ دے گا۔متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور گرگش نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا معاہدہ ایک طویل جرات مندانہ اقدام ہے، طویل عرصے سے جاری اسرائیل اور فلسطین تنازع کے حل کو حاصل کیا جاسکے۔
متحدہ عرب امارات اوراسرائیل کے درمیان ‘تاریخی امن معاہدہ’، سفارتی تعلقات قائم
