کشتواڑ//کشتواڑ کے ہونزڈ علاقہ میں گزشتہ ماہ کی 27تاریخ کو پیش آئے واقعے میں لاپتہ 19افراد کی تلاش 10ویں روز بھی جاری رہی تاہم آج بھی تلاشی کاروائی میں لگی ٹیموں کو کوئی کامیابی نہ مل سکی ۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق دسویں روز بھی پولیس ، فوج این ڈی آر ایف ،ایس ڈی آر ایف کی بچائو ٹیموں نے کئی مقامات پر ملبہ ہٹایا تاکہ لاپتہ افراد کی نعشوں کو برآمد کیا جاسکے تاہم دن بھر کے بعد انکے ہاتھ کچھ نہ لگا۔اس دوران جہاں پولیس جہاں علاقہ میں بچائو کاروائی میں لگی ہوئی ہے وہیں انھوں نے علاقہ میں چلنے کیلئے عارضی پلوں و پیدل سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جبکہ علاقہ میں بجلی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے بجلی کے کھمبوں کو بھی سر نو لگانا شروع کیا ۔ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت بٹ کی زیرقیادت ایڈیشنل ایس پی کی زیر نگرانی میں ٹیم ہونزڈ میں کیمپ لگائے ہوئی ہے جو صورتحال پر کڑی نظر بنائے ہوئے ہے جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔مقامی لوگوں نے پولیس کے کام کی ستائش کی ہے اور پولیس کے کام کو سراہا ہے۔