متاثرہ علاقوں میں منریگا سکیم کے تحت برف ہٹائی جائے:شاہین

بانہال//نیشنل کانفرنس کے رہنما اور ضلع صدر رام بن میر سجاد شاہین نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع رام بن میں خاص طور پر برف سے متاثرہ بانہال علاقے میں جدید برف صاف کرنے والی مشینری دستیاب کرائے۔انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پورے ضلع رام بن میں ایک بھی برف کاٹنے والی مشین نہیں ہے اور نہ ہی برف گاڑیاں، ہل کٹر اور فرنٹ اینڈ لوڈردستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے ضلع رام بن اور گول میں شدید برف باری ہوتی ہے اور برف جمع ہونے کی وجہ سے کئی دیہات کا ضلع ہیڈکوارٹر سے کئی دنوں تک رابطہ منقطع رہتا ہے۔انہوںنے ایل جی انتظامیہ سے مہاتما گاندھی ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ، 2005(منریگا) کے تحت برف صاف کرنے کا کام کرنے کی اپیل کی تاکہ برف کو تیزی سے صاف کیا جائے اور دیہاتیوں کو بھی آمدنی ہو۔شاہین نے کہا کہ ضلع رام بن میں برف صاف کرنے والی مشینیں نہیں ہیں،اکثر مقامی ٹھیکیداروں سے کرایہ پر لی گئی JCBs مشینوںکو کام میں لگا دیا جاتا ہے، جس سے مقصد حل نہیں ہوتا کیونکہ دوردراز علاقے شدید برف باری اور بروقت برف صاف نہ ہونے کی وجہ سے منقطع رہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کے تحت آنے والے زیادہ تر کام اکثر پہاڑی علاقوں میں سردیوں میں رک جاتے ہیں۔ اس سے زیادہ تر دیہی مزدور کئی مہینوں تک بے روزگار ہو جاتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دور دراز علاقوں میں برف کی صفائی کو منریگا کے دائرے میں لانے پر غور کرے اور سخت اور مخالف موسم سرما کے مہینوں میں لوگوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے برف صاف کرنے کے لیے فنڈز کا استعمال کرے۔