سرینگر// شمالی قصبہ سوپور کے ائمہ مساجد نے کھٹوعہ میں پیش آئے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کمسن بچی کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔ سوپور قصبہ کے ایک نجی ہوٹل میں کھٹوعہ میں پیش آئے اس انسانیت سوز واقعہ سے متعلق بیسوں مساجد کے ائمہ کی طرف سے ایک سمینار و پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقعہ پر ایمہمساجد کے صدر مفتی تنویر احمد قاسمی کے علاوہ دیگر ایمہ مساجد نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ کمسن بچی کے ساتھ یکجہتی کے طور پر اس سمینار کا انعقاد کیا گیا،جبکہ انہوں نے مذکورہ بچی کے حق میں فوری طور پر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ ننھی بچی کے ساتھ یکجہتی کے طور پر تب تک پرامن احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا،جب تک اس کو انصاف نہیں ملے گا۔ ائمہ مساجدکے سیکریٹری مولوی نواز احمد سمیت مولوی ریاض احمد، مولوی بشیر احمد کے علاوہ ٹریڈرس فیڈریشن سوپور،سیول سوسائٹی،غیر سرکاری انجمن’’ڈان سوپور‘‘،پریس کلب آف سوپور،انڈسٹریل اسٹیٹ سوپور،پرائیوٹ اسکول ایسو سی ایشن،ٹیچرس فورم بارہمولہ اور کشمیر مرکنٹائل کاپرایٹو بنک کے افسران و ذمہ داروں نے بھی کانفرنس مین شرکت کی۔
متاثرہ بچی کو انصاف دلایا جائے
