مبینہ حراستی تشدد

سرینگر// پولیس حراست کے دوران کوکرناگ کے نوجوان کا حلق کٹنے کے واقعہ پر بشری حقوق کے ریاستی کمیشن کے سربراہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی اننت ناگ سے رپورٹ طلب کی ہے جبکہ صدر اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیروز احمد نامی اس نوجوان کو معیاری و معقول طبی امداد فراہم کریں۔پولیس نے6 ستمبر کو ایک نوجوان ،جس کا حلق کٹا ہوا تھا،کو تشویشناک حالات میں ضلع اسپتال اننت ناگ پہنچایا،جس کے بعد اسے سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں جو بیان جاری کیا،اس میں کہا گیا کہ5ستمبر کو جیش محمد کے ایک مشتبہ فردکو حراست میں لیا گیا،اور ایک کیس زیر نمبر 125/2018.کے سلسلے میںپوچھ تاچھ کیلئے لایا گیا۔پولیس کے مطابق پوچھ تاچھ کے دوران وہ بیت الخلاء گیا،جہاں پر اس نے اپنا حلق کاٹنے کی کوشش کی۔ادھر اس معاملے پر بشری حقوق  پاسداری کی انجمن انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے بشری حقوق کے ریاستی کمیشن میں ایک عرضی زیر نمبر SHRC/302/Anang/2018 داخل کی،جس میں درخواست کی گئی کہ کمیشن اپنی تحقیقاتی ونگ سے معاملے کی چھان بین کریں،جبکہ انکے اہل خانہ کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔کیس کی سماعت کے دوران بشری حقوق کے ریاستی کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) بلال نازکی نے ضلع ترقیاتی کمشنراننت ناگ اور ضلع پولیس چیف کے نام نوٹسیں جاری کرتے ہوئے انہیں واقعے سے متعلق مکمل رپورٹ فوری طور پر کمیشن کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دی۔ بشری حقوق کے ریاستی کمیشن کے سربراہ نے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ صدر اسپتال سرینگر کو بھی ہدایت دی کہ وہ فیروز احمد کو معقول و معیاری طبی امداد فراہم کریں۔ اس سے قبل عرض گزار نے معاملے کی نوعیت سے کمیشن میں پیش کی گئی عرضی میں کہا کہ فیروز احمد حجام کو فوج کی19آر آر کیمپ واقع ندروڈورواننت ناگ سے اسپتال منتقل کیا گیا۔عرضی میں ذرائع کا حولہ دیتے ہوئے کہا گیا’’ کیمپ نے پرائمری ہیلتھ سینٹر ویری ناگ سے ایمبولنس طلب کی‘‘۔درخواست میں مقامی اخبار میں چھپی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جب ایمبولنس کے ساتھ ڈاکٹر کیمپ میں پہنچا تو ڈورو پولیس تھانے کا ایس ایچ ائو وہاں پر موجود تھا۔خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایمبولنس کے ہمراہ گئے معالج نے کہا ’’ہمیں اسکو چھونے کی بھی اجازت نہیں دی گئی،اور نہ یہ بتایا کہ وہ کون ہے،اس کو ایمبولنس میں ڈال دیا گیا،اور میر بازار تک پہنچایا گیا،جہاں سے انتہائی نگہداشت کی ایمبولنس میں سوار کر کے ضلع اسپتال اننت ناگ پہنچایا گیا ۔اس دوران انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو جمعرات کو صدر اسپتال گئے اور فیروز احمد کی عیادت کی۔