ماہ صیام میں ناجائز منافع خوری

پونچھ//رمضان میں سب سے انوکھا اور اذیت ناک منظر تجارتی جعلسازی کا دیکھنے میں آتا ہے۔ ماہ مبارک کے دوران ایسا سامان صارفین کے ہاتھوں فروخت کرنے کے حربے استعمال کئے جاتے ہیں جنہیں عام دنو ںمیں فروخت کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ضلع پونچھ میں اس بار صارفین کو ماہ مبارک رمضان کے دوران معیاری اشیاء جائز نرخوں پر فراہم کروانے کے سلسلہ میں تحصیلدار حویلی نریش کمار نے ضلع ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر افسران کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو پورے ماہ رمضان میں بازار کا دورہ کر کے اشیاء کا جائزہ لے گی اور غلط کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ تحصیلدار حویلی نریش کمار نے اپنے دفتر میں افسران کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ منعقد کی جس میں محکمہ فوڈ سیفٹی، محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری ، محکمہ میونسپل کونسل کے افسران موجو دتھے۔اس موقعہ پر تحصیلدارنے ماہ رمضان کے دوران صارفین کو فروخت کی جارہی اشیاء خوردنی اور دیگر اشیاء کی معیاری فراہمی کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس دوران انہوں نے افسران کی ایک ٹیم جس میں فوڈ سیفٹی آفیسر جاوید اقبال چوہدری،تحصیل سپلائی آفیسر سبھاش چندر ،میونسپل کونسل پونچھ کے عبدالرحمن اور دیگر افسران کو شامل کیا گیا تاکہ ماہ مبارک رمضان میں بازاروں کا خصوصی دورہ کر کے ناجائز کرنے والوں کی خلاف کارروائی کی جائے ۔ تحصیلدار حویلی نے اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے ہر بار ماہ مبارک کے دوران اشیاء کے غیر معیاری ہونے اور نرخوں میں ناجائز اضافہ کئے جانے کی شکایات ملتی رہتی ہیںلیکن اس بار اس سلسلہ پر قدغن لگانے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر یہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے غیر معیاری اشیاء اور اضافی نرخوں پر صارفین کو اشیاء فراہم کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے اس سلسلہ میں عوام اور تاجروں سے انتظامیہ کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔