سرینگر //مرکزی سرکار نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو ماہ صیام کے دوران ہوشیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتیں ماہ صیام کے دوران کسی بھی صورت میں اجتماعی طور پر عبادت کی اجازت نہ دیں۔مرکزی سرکار نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ مسلم رہنمائوں پر زور دیں کہ وہ اپنے ماننے والوں کو گھروں میں ہی رہنے کی تلقین کریں۔ مرکزی سرکار کے ایک سینئر افسر نے بتایا ’’ نمازوں اور مذہبی جگہوں پر اجتماعات پر لاک ڈائون کے دوران پابندی عائد ہے اور اُمید ہے کہ ہر کوئی ہدایت پر عمل کرے گا‘‘۔مرکزی سرکار نے ریاستی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ مسلمان لیڈروں کے ساتھ رابطے میں رہ کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگ مساجد میں جمع نہ ہوں اور گھروں میں ہی نمازیں ادا کریں۔مرکزی سرکار نے یہ ہدایات ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو ان اطلاعات کے بعد جاری کیں جن میں کہا گیا تھا کہ ماہ صیام کے دوران تراویح کے اجتماعات منعقد ہونے کے خدشات ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے15اپریل کو تازہ ترین ہدایت میں ملک بھر میں تمام مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کو فی الحال لوگوں کیلئے بند کرنے کا حکم جاری کیا گیاتھا۔ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ 3مئی تک جاری رہنے والے لاک ڈائون کے دوران مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔
ماہ صیام میں اجتماعی عبادت پر پابندی عائد رہیگی
