ماہ رمضان کے پیش نظر ہر کنبے کو ایک کلو

اننت ناگ//خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور اطلاعات و رابطہ عامہ محکموں کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کل ڈاک بنگلہ اننت ناگ میں ایک میٹنگ کے دوران اننت ناگ ، کولگام ، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں اپنے ماتحت محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ضلع ترقی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر عابد رشید شاہ ، ناظم محکمہ خوراک کشمیر نثار احمد وانی ،کنٹرولر محکمہ ناپ تول امرسنگھ، اے ڈی ڈی سی اننت ناگ ، اے ڈی سی پلوامہ اور اے ڈی سی شوپیاں کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ( پی آر ) ، محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر صاحبان اور ان اضلاع کے ضلع اطلاعاتی افسر بھی موجود تھے۔محکمہ خوراک کے افسروں نے وزیر کو محکمہ کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہیں بتایا گیا کہ ضلع اننت ناگ میں نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ سے 904666 نفوس مستفید ہو رہے ہیں اور ضلع میں پی ایچ ایچ زمرے کے تحت 634261 نفوس مستفید ہوتے ہیںجبکہ پلوامہ ، شوپیاں اور کولگام میں پی ایچ ایچ کے تحت بالترتیب 350448، 167558اور 256699 نفوس آتے ہیں۔وزیر کو مفتی محمد سعید فوڈ انٹائٹلمنٹ سکیم کی عمل آوری کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ایس آر ٹی کی جانب سے گاڑیوں کی معقول تعداد فراہم نہ کئے جانے کے معاملے پر وزیر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو پرائیویٹ گاڑیاں کرایہ پر لینے کی ہدایت دی۔دریں اثنا وزیر موصوف نے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو این ایف ایس اے اور ایم ایم ایس ایف ای ایس کے تحت فراہم کی جانے والی راشن کی مقدار ہرماہ کی 7تاریخ تک اٹھانے کی ہدایت دی تاکہ اناج کی بروقت تقسیم کاری کو یقینی بنایا جاسکے۔ماہ رمضان کے پیش نظر وزیر نے ہر کنبے کو ایک کلو گرام اضافی کھانڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔انہوںنے کہا کہ راشن کے کوٹامیں کمی کے پیش نظر اگلے پانچ ماہ کے دوران صارفین کو آٹاکا دوگنا کوٹا فراہم کیا جائے گا۔وزیر نے کہا کہ صارفین کو ہر تین ماہ کے لئے اناج فراہم کیا جانا چاہئیے۔تیل خاکی میں خرد برد کی رِپورٹوں کے مد نظر وزیر موصوف نے ضلع ترقیاتی کمشنر وں کو اس سلسلے میں کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے مقرر کئے گئے وقت میں رپورٹ پیش کرنے کی تلقین کی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو ڈیجیٹائزیشن کا عمل مکمل ہونے تک عارضی بنیادوں پر عملہ تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کو ریلوے ٹریک کے آس پاس ایل پی جی اور پیٹرول ڈیپو قائم کرنے کے لئے 70ایکڑ زمین کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی گئی۔محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران وزیر نے محکمہ کے افسروں کو مختلف شعبوں کے تحت حصولیابیوں اور کامیابیوں کا خاکہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے عوامی رابطوں میں مزید بہتر ی لانے کی بھی تلقین کی۔