ماہ رمضان کیلئے انتظامات ،وزیر اعلیٰ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ

سرینگر//دُنیا بھر میں ماہ رمضان کا مقدس مہینہ ہم پر سایۂ فگن ہے اس حوالے سے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کل ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران ریاست میں انتظامیہ کی جانب سے کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنروں اور ضلع ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ سول انتظامیہ، پولیس اور فوج کے درمیان مکمل تا میل کو یقینی بنائیں تا کہ فجر اور عشاء کی نمازوں کی ادائیگی کے دوران لوگوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ریاست بھر میں ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی سماج دشمن عناصر کو امن و قانون کی صورتحال میں خلل ڈالنے کی اجازت نہ دیں۔محبوبہ مفتی نے واضح طور سے ہدایت دی کہ صارفین کو بلا کسی مشکل کے بلاخلل پانی، بجلی، اشیاء ضروریہ بشمول کھانڈ، دودھ، گوشت اور دیگر چیزیں دستیاب رکھی جانی چاہئیں۔ انہوں نے ایس ایم سی اور اربن لوکل باڈیز کو ہدایت دی کہ وہ زیارت گاہوں کی جانب جانے والے راستوں کی ہر صورت میں صفائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ گلی کوچوں میں آورہ کُتوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے اقدامات کریں تا کہ نماز فجر اور تروایح کے دوران لوگوں کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر اعلیٰ نے شہر، بڑے قصبوں اور قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نظامت کے لئے مناسب افرادی قوت کو کام پر لگانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے خاص طور سے ونپوہ، بجبہاڑہ، اونتی پورہ، پانپور، پارمپورہ، پٹن، بارہ مولہ اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک میں معقولیت لانے کے لئے ماہ صیام کے دوران اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے زائرین کے لئے درگاہ حضرت بل، جامع مسجد سرینگر، جامع مسجد جموں، حضرت پیر دستگیر صاحب ؒ سرینگر اور ریاست کے دیگر اہم مقامات تک ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولیات بہم کرانے کی بھی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے کشمیر ہاٹ، زیرو برج، سنگر مال کمپلیکس اور اس طرح کے دیگر مقامات کو فعال بنانے کی ہدایت دی تا کہ افطار کو جملہ طریقہ پر منایا جاسکے اور رمضان کی فضیلت سے بھی فیضاب ہوا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے پی ڈی ڈی حکام کو ہدایت دی کہ وہ دونوں دارلخلافائی شہروں میں اہم مقامات پر بڑی لائٹس نصب کریں۔ انہوں نے خاص طور سے ڈاؤن ٹاؤن سرینگر ، جامع مسجد ، خانقاہ معلیٰ اور دیگر مذہبی مقامات کی جانب خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی تا کہ لوگوں کو عبادت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے سحری اور افطار کے دوران بجلی کی سپلائی میں معقولیت لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بدلنے کے لئے ٹرانسفارمروں کی معقول تعداد ستیاب رکھی جانی چاہئے۔میٹنگ کے دوران ڈویثرنل کمشنرز کشمیر اور جموں نے انتظامات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو بتایاکہ ضلع ہیڈ کوارٹروں پر کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جن کے ساتھ لوگ کسی بھی مشکل کے دوران رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ صحت و صفائی، سٹیڑ لائٹس، اشیاء ضروریہ، ٹرانسپورٹ کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں پر رمضان ہیلپ لائین قائم کی گئی ہے تا کہ لوگ کسی بھی مشکل صورتحال کے دوران اس پر رابطہ قائم کرسکیں۔انہیں بتایا گیا کہ بجلی کے کٹوتی کے شیڈول پر نظر ثانی کی جارہی ہے تا  کہ افطار اور سحری کے اوقات کے دوران بجلی کی کٹوتی نہ ہو۔ وزراء، چوہدری ذوالفقار، نعیم اختر، شام چودھری، ست شرما، سُنیل شرما اور آسیہ نقاش، وائس چئیرمین  جے اینڈ کے وقف بورڈنظام الدین بٹ، چیف سیکرٹری بی بی ویاس، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال، اے ڈی جی پی سیکورٹی منیر احمد خان، کئی متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹری، صوبائی کمشنر کشمیر، صوبائی کمشنر جموں اور مختلف محکموں کے سربراہاں بھی میٹنگ میں موجود تھے۔تمام ڈپٹی اور ضلع ایس پیز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی