ماہ رمضان کا پہلا جمعہ :وادی چناب کی مساجد میں بھاری بھیڑ

 ڈوڈہ//بانہال //ماہ رمضان کے پہلے جمعہ کے روز وادی چناب کی تمام مساجد میں جمعہ نماز ادا کرنے کے لئے مسلمانوں کی بھاری بھیڑ دیکھی گئی۔ بانہال کی مساجد اور مارکیٹوں میں لوگوں کا بھاری رش رہا اور ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نماز جمعہ کی ادا ئیگی کیلئے قصبوں کی مساجد میں اْمڈ پڑے تھے۔ قصبہ بانہال میں واقع مرکزی جامع مسجد بانہال ، جامع مسجد عیدگاہ ، جامع مسجد ناگبل ، جامع مسجد درسگاہ ناگبل اور جامع مسجد گنڈ میں ایک اندازے کے مطابق ہزاروں کی تعداد میںلوگوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ جمعہ کے روز بانہال کے بازاروں میں لوگوں کا بھاری رش تھا اور لوگ افطار اور سحری کیلئے مختلف اشیا ء کی خریداری میں مصروف تھے۔ مساجد میں لوگوں کے بھاری رش کی وجہ سے مسجدوں میں تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی اور نماز جمعہ کی آدائیگی مساجدوں کے بھر جانے کے بعد سڑکوں پر بھی ادا کی گئی۔ نماز جمعہ کے موقع پر مرکزی جامع مسجد بانہال میں جماعت اسلامی جموں کشمیر کے ترجمان اعلیٰ ایڈوکیٹ زاہد علی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر اْنہوں نے حق و باطل کو پہچاننے کے لئے قران حکیم اور نبی کریمؐ کے بتائے ہوئے طریقوں سے رجوع کر نے پر زور دیا۔ اْنہوں نے کہا کہ پوری دْنیا میں 57 مسلم ماملک ہیں اور امریکہ کی طرف سے قبلہ اول کی توہین اور تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ یروشلم منتقل کر نے کے بعد کسی بھی مسلم ملک نے احتجاج کے طور پر اسرائیل یا امریکہ سے اپنا سفیر واپس نہیں بلایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے مقبوضہ یروشلم میں اپنا سفارتخانہ منتقل کرنے پر سینکڑوں فلسطینی مسلمانوں نے مذمت کرکے اپنی جانیں اس مقدس سر زمین کی حفاظت کیلئے نچھاور کردیں اور دنیا کے درجنوں مسلمان ممالک ابھی بھی امریکہ اور مغربی طاقتوں کے دست راست بنے ہوئے ہیں اور مسلمانوں کے تہہ و تیغ کرنے سے انہیں کوئی مطلب نہیں ہے ۔ اْنہوں نے کہا کہ اللہ کی سر زمین پر اللہ کے حکم کو عملانے کے لئے دعوت دینا ہر مسلمان کا فرض عین ہے اور مسلمانوں کو اسلام کی سربلندی کیلئے سربکف ہوکر آگے بڑھنا ہے ۔ اْنہوں نے کہا کہ دین اسلام ہی دنیا کا سچا اور فطری  دین ہے اورغیر مسلموں کو اس کی دعوت دینا بھی ہر مسلمان کا فرض ہے تاکہ وہ بھی سچے دین کے اندر داخل ہو سکیں۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ قران کریم ہی وہ کتاب ہے جو حلال و حرام ، حق اور باطل میں فرق کرنے کے ساتھ ساتھ شرک کو بیان کرتا ہے اور شرک سے پاک و صاف کامیاب زندگی جینے کا درس دیتا ہے۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ اللہ اور اس کی واحدانیت کا یقین کامل جب تک مسلمانوں کے دلوں میں نہ ہو تب تک کوئی بھی روزہ ، زکوۃ اورنماز کام آنے والی نہیں ہے اور ایک سچے مسلمانوں کو دکھاوے کے بجائے دل سے ان چیزوں پر ایمان لانا ہے ۔ اپنے خطاب کے اختتام پر ایڈوکیٹ زاہد علی نے اللہ رب العزت سے دعا کی کہ وہ ریاست جموں وکشمیر میں جاری ظلم وجبر کو ختم فرمائے اور باطل اور ظالم قوتوں کو اس سرزمین سے نیست ونابود کردے اور آزادی برائے اسلام سے ریاست کو سرخرو فرمائے۔ اس موقع پر امام جامع مسجد مرکزی بانہال نے بھی اسلام اور ریاست کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں کیں گئی ۔ ادھر بھدرواہ میں درجنوں کی تعداد میں مسلمانان نے جامع مسجد میں بھاری رش کی وجہ سے سڑکوں پر نماز اداکی، جسکے لئے مساجد کمیٹی نے مناسب انتظامات کئے تھے۔ انتظامیہ نے بھی جامعہ مسجد کی سڑک پر ٹریفک معطل کیا تھا ۔ بھدرواہ کی جامع مساجد بشمول جامع مسجد محلہ صرافاں ،جامع مسجد گاٹھا ، جامع مسجد عید گاہ اور جامع مسجد صادق آباد میں بھی نماز جمعہ کے موقعہ پر لوگوں کی کافی بھیڑ امُڈ پڑی۔ اطلاعات کے مطابق وادی چناب کی جامع مساجد بشمول نور مسجد، عیدگاہ مسجد، جامع مسجد ،بن ڈوڈہ مسجد اور اکرم آباد مسجد ڈوڈہ ،جامع مسجد کشتواڑ، جامع مسجد گندو، جامع مسجد کلہوتراں، جامع مسجدکہارا، جامع مسجدٹھاٹھری، مسجد شریف بھیلہ،مرکزی جامع مسجدچنگا، جامع مسجداخیار پور میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے رماضان کے پہلے جمعہ کی نماز ادا کی ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نماز جمعہ کی ادا ئیگی کیلئے قصبہ کی مساجد میں اْمڈ پڑے تھے۔ انجمن اسلامیہ بھدرواہ پرویز شیخ نے اس موقعہ پر کہا کہ اسلامی کیلنڈر کے نویں مہینہ کو شروع ہو رک یہ مہینہ عیدالفطر کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا جو کہ غالباً 14 یا15جون کو ہوگا جو کہ چاند نظر آنے پر منحصر ہوگا۔اس مہینے میں فرزندان توحید اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کو وقف کرتے ہیں۔