ماہ رمضان کا پہلا جمعہ: مساجدمیں نمازیوں کااژدہام

 ڈوڈہ//ماہ رمضان کے پہلے جمعہ کے موقعہ پررام بن ،ڈوڈہ اورکشتواڑکی جامع مساجدمیں فرزندان توحیدنے جوش وجذبے کے ساتھ نمازجمعہ ادا کی ۔اس دوران علماء کرام نے ماہ رمضان کی فضیلت اورمقدس ماہ سے جڑے مسائل کے بارے میں خیالات کااظہارکیا۔تفصیلات کے مطابق رمضان االمبارک کے پہلے جمعہ پر قصبہ بانہال اور اس کے گرد نواح میں واقع جامع مساجد میں نمازیوں کا بھاری رش رہا اور ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی۔ ضلع رام بن میں نماز جمعہ کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی جامع مسجد بانہال میںمنعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے نماز جمعہ ادا کی ۔ اس کے علاوہ جامع مسجد ناگبل ، جامع مسجد عیدگاہ بانہال ، جامع مسجد فیض الاسلام بانہال ، جامع مسجد گنڈ عدلکوٹ اور جامع مسجد نعمانیہ میں نماز جمعہ کے بھاری اجتماع منعقد ہوئے۔ اس موقعہ پر علماء نے رمضان المبارک کے متبرک مہینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور امت مسلمہ کی کامیابی اور کامرانی کیلئے دعائیں کی گئیں اور ریاست میں تحریک مزاحمت میں کام آئے شہداء اور مجاہدین اسلام کے بلند درجات کیلئے بھی دعائیں کی گئیں ۔علاوہ ازیںبھدرواہ اوراس کے گردونواح کی مساجدمیں نمازجمعہ کی ادائیگی کیلئے نمازیوں کی کثیرتعدادواردہوئی ۔یہاں بھدرواہ کی تاریخی مسجدمیں بھاری تعدادمیں نمازیوں کی وجہ سے بعض نمازیوں کوباہرسڑک پرآکرنمازاداکرناپڑی اوراس وجہ سے کچھ وقت کیلئے آمدورفت میں بھی متاثرہوئی ۔اس دوران امام وخطیب جامع مسجدنے ماہ رمضان کی فضیلت،عالم اسلام کے مسائل اوران کے اسباب کے موضوعات پرخطاب فرمایا۔اس دوران مسلمانوں سے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔انہوںنے امت مسلمہ کے مسائل اور دین سے دوری کے سبب ہورہی ناکامیوں کا احاطہ کرتے ہوئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لینے کی تلقین کی ۔ علما نے اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت ، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات، گھریلو تشدد، منشیات کی وبا اور دین کی آڑ میں بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے معاشرہ کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین ، اساتذہ ،معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اورتعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے ۔ علما نے رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کی اہمیت اورفضیلت پرتفصیلی طور پر عالمانہ طرز و انداز میں تشریح کی۔اس دوران بھدرواہ میںپولیس کی جانب سے مساجدکے گردونواح میں احتیاطی طورپر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے ۔انجمن اسلامیہ بھدرواہ کے صدر پروایزاحمدشیخ نے کہاکہ رمضان مقدس مہینہ ہے جس میں مسلمان سحری سے لے کرشام تک روزہ رکھتے ہیں اوربھوکے پیاسے رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ روزہ اسلام کے پانچ بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے۔علاوہ ازیں بھدرواہ کی جامع مسجدمحلہ سرافاں،جامع مسجد گاٹھہ اورجامع مسجد صدیقہ آباد میں بھی مسلمانوں نے نمازجمعہ اداکی۔