جموں//خطہ جموں کی تمام مساجد میں ماہ رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کے موقعہ پرنمازجمعہ کی ادائیگی کیلئے نمازیوں کی کثیرتعدادواردہوئی ۔یہاں جموںشہرکی جامع مسجدتالاب کھٹیکاں، جامع مسجدلکھداتابازاری، جامع مسجدگوجرنگر،جامع مسجداستادمحلہ ، مکہ مسجدبٹھنڈی ، جامع مسجدحیدرپورہ جانی پورہ کے علاوہ شہرکے گردونواح اوردوردرازعلاقوں کی مساجد میں ماہ رمضان کی فضیلت،عالم اسلام کے مسائل اوران کے اسباب کے موضوعات پرعلماء کرام نے خطاب فرمایا۔ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے علما کرام سے ماہ رمضان کی فضیلت کوسنا۔اس دوران علماء کرام نے مسلمانوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔علما نے امت مسلمہ کے مسائل اور دین سے دوری کے سبب ہورہی ناکامیوں کا احاطہ کرتے ہوئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لینے کی تلقین کی ۔ علما نے اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت ، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات، گھریلو تشدد، منشیات کی وبا اور دین کی آڑ میں بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے معاشرہ کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین ، اساتذہ ،معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اورتعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے ۔ علما نے رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کی اہمیت اورفضیلت پرتفصیلی طور پر عالمانہ طرز و انداز میں تشریح کی۔پولیس کی جانب سے احتیاطی طورپر سیکوریٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے ۔شہر جموں کے اہم حساس علاقوں میں مسلح دستے تعینات کئے گئے تھے ۔