ماہ رمضان وحدت امت کی مثال : صدر جمعیت

سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان وحدت امت کے اہم مواقع سے شمار کیا جائے اور اللہ کے دربار میں لوٹنے کا یہ عظیم موسم غفلت شعاری کا شکار نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہا کہ رمضان انفاق فی سبیل اللہ کے مواقع میں سے ایک انتہائی اہم موقع ہے،اسلئے مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اس عظیم مہینے میں یتیموں، محتاجوں اور بیواؤں کی خوب مدد کریں۔پروفیسر بٹ تنظیم کے مرکزی دفترواقع بربرشاہ سرینگر پر ماہِ رمضان المبارک کی آمد کے سلسلہ میں ضلعی ، تحاصیل ، حلقہ صدور اور نظمائِ جمعیت و دیگر اہم کارکنان جمعیت کی ایک میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے ریاست کے کئی اضلاع میں جمعیت کے خیراتی ہسپتال تعمیر کرنے کا پروگرام متعارف کراتے ہوئے مسلمانانِ ریاست کو اپنی زکواۃ او رصدقات جمعیت کے اکاؤنٹ میں جمع کرنے کی اپیل کی تاکہ انسانیت کی خدمت کے لئے ایسے پروگرام ہاتھ میں لئے جائیں ۔انہوں نے وادی میں بڑھتی بے روزگاری، منشیات کی وباء اور معصوموں کے خلاف آگ و آہن کے بے دریغ استعمال پر گہرے تشویش کا اظہار کیا ۔صدر موصوف نے انسانی حقوق کے اداروں سے اس ضمن میں فوری طور انسانیت بچاؤ اقدامات کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ میٹنگ سے ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے زکوٰۃ پر گفتگو کی ۔انہوںنے غربت کو عالم اسلام کا ایک بڑاچیلینج قرار دیتے ہوئے صاحب ثروت حضرات سے اس حوالے سے تدبر سے کام لینے کی صلاح دی۔