ماہر تعلیم آغااشرف کوخراج پیش

سری نگر//معروف ماہرتعلیم ،اسکالراوردانشورآغااشرف علی کویہاں ایک ویب نار میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔آغاشاہد علی رائٹرس کواپرئٹواور زراعت ٹائمز کے اشتراک سے منعقدہ اس ویب نار میں مقتدرشخصیات نے شرکت کی۔اس موقعہ پر تقریرکرتے ہوئے ڈاکٹراصغر سامون پرنسپل سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ آغاصاحب ایک نڈراور بیباک شخصیت تھے جن کااندازبیان ہمارے ساتھ طویل وقت تک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی اورآخری محبت تعلیم تھی اور ان کا مدعا خواندگی کو تعلیم میں بدلناتھاتاکہ سماج کافائدہ ہو۔انہوں نے کہا کہ وہ کشمیرکے گنے چنے دانشوروں میں تھے جن کا نظریہ اگر حقیقت میں بدلا جائے توانقلاب بپا ہوسکتا ہے۔سینئرایڈوکیٹ ظفر احمد شاہ نے اس موقعہ پرکہا کہ آغاصاحب ایک بے خوف آدمی تھے اور جو کچھ بھی کہناچاہتے تھے وہ بے خوف ہوکر کہتے۔انہوں نے کہا کہ سبھی لوگ وہ نہیں کہہ سکتے جو وہ کہنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ان کے قلب کے قریب تھی اور باتوں باتوں میں زمینی سطح پر تعلیم کی بات کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کی اپنی شخصیت تھی اور وہ اپنی عزت ،احترام کیلئے سرکاری عہدے کے محتاج نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کے خواب ،کہ ہمارے جوانوں کو معیاری تعلیم مہیا ہو،جوان کو عزیزتھا،نے ان کو عظیم بنایا۔انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی کا محور تعلیم تھااورانہیں خراج عقیدت اداکرنے کا بہترین طریقہ ان کے گھر کو ایک میوزیم اوتر تحقیقی مرکز میں تبدیل کرنا ہوگاجہاں نوجوان آکر ان کی شخصیت اور کارناموں سے تحریک پاسکیں۔جموں و کشمیر کے سابق چیف انفارمیشن کمشنر جی آر صوفی نے آغا اشرف کو ایک عوامی دانشور اور پڑوسی کی حیثیت سے جاننے کے اپنے تجربے کی عکاسی کرتے ہوئے کہا کہ "جب وہ پہلی بار ان سے ملے تو انہوں نے ایسا محسوس کیا جیسے وہ آغا صاحب کو برسوں سے جانتا ہو۔"انہوں نے کہا کہ وہ بنیادی تعلیم کے ماہر تھے اور تعلیم ان کے دل و دماغ میں تھی۔ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر صدیق واحد نے کہا کہوہ آغا اشرف علی کو ایسے شخص کے طور پر جانتے ہیں جو ان کی فکری آزادی سے پیار کرتا تھا۔کشمیر ٹائمز کی ایگزیکٹو ایڈیٹر انورادھا بھاسین نے آغااشرف اور ان کے کنبہ کے ساتھ اپنے کنبے کی طویل رفاقت کے بارے میں بات کی۔انہوں نے کہا کہ وہ علم بانٹنے میں یقین رکھتے تھے۔آغا شاہد علی رائٹرس کواپریٹئو کے ایکزیکٹیو ممبر اور زراعت ٹائمز کے ارجمند حسین طالب،انٹیک کے چیرمین سلیم بیگ ،نامور کشمیری شاعر اور برڈ کاسٹر فاروق نازکی ،سابق میونسپل کمشنر ڈاکٹر جی این قصبہ ،دلی پبلک سکول کے چیرپرسن وجء دھر ،وومنز کالج کی سابق پرنسپل نظہت اندرابی ،جے این یو کے ڈاکٹر شفیع ایوب ،پرائیوٹ سکول ایسوسی ایشن کے چیرمین جی این وار اور دیگر مقررین نے آغا اشرف علی کی زندگی اور ان کی تعلیم کے تئیں خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔