ماگام میں نقب زنی کا معاملہ حل ،7سارق گرفتار | لاکھوں روپے کے کل پُرزے برآمد، گاڑی ضبط

بڈگام//بڈگام میں پولیس نے نقب زنی کے معاملے کو حل کرتے ہوئے 7چوروں کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے کا مال مسروقہ برآمد کرلیا۔ رواں ماہ دسمبر میں پولیس تھانہ ماگام میں منصور احمد شیخ ولد غلام نبی ساکنہ بٹ پورہ کنہ ہامہ نے شکایت درج کرائی کہ اگریکلان ماگام میں قائم ’منصور آٹو موبائلز‘ دکان میں چوروں نے نقب لگاکر لاکھوں روپے مالیت کے کل پُرزے اڑا لئے ہے۔ پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر254/2021درج کرکے انسپکٹر گوہر احمد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی اور تحقیقات شروع کی۔ پولیس نے چند مشتبہ افراد ، جن میں عمران حسن میر ساکن پٹن نے تفتیش کے دوران چوری کرنے کے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے مزید 2سارقوں کی نشاندہی کی۔ پولیس نے یاور عباس ملک ساکنہ نشاط اور اعجاز احمد ملہ ساکنہ پٹن کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس نے سید اختر شاہ کی تحویل سے مسروقہ برآمد کیاگیا جسے اس نے شادی پورہ کراسنگ میں اپنے ورکشاپ میں چھپایا تھا۔ پولیس نے نقب زنی کے سلسلہ میں پرویز احمد گورو اور عرفان حسین صوفی ساکنان گاندربل کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے ڈب گاندربل میں واقع ورکشاپ میں چھپائے گئے مزید چوری کی گئی اشیاء کو برآمد کیا۔ تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ایک اور ملزم ذوالفقار احمد ڈار ساکنہ پٹن بھی اس جرم کا حصہ تھا جس نے اپنی گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر PB 10AG-9210 کو جرم کے لیے استعمال کرکے گاندربل کے علاقہ وسن میں چھپایا تھا جسے پولیس نے برآمد کرلیا ہے۔ پولیس نے ملزمان سے 5 لاکھ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا اور گاڑی ضبط کی۔