ماڈل ٹاؤن سوپور کے دو محلے پینے کے پانی سے محروم

سوپور// ماڈل ٹائون سوپور کے دو محلے گزشتہ دس برسوں سے پینے کے پانی سے محروم ہیں۔محلہ قادریہ اورعمر محلہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ جل شکتی محکمہ نے گزشتہ دس برس سے پانی کی فراہمی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا۔ ایک مقامی شہری منظور احمد نجار نے بتایاکہ ان کے پانی کی قلت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اب لوگ یہاں سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ اگر انہیں پانی سپلائی  کرنا ممکن ہے تو اُن کے مکانات کو خریدلیا جائے تاکہ وہ کسی اور جگہ رہائش اختیار کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی قلت نے اُن کا جینا دوبھر کردیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق دس سال قبل جل شکتی محکمہ نے علاقوں تک پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کیا لیکن نا معلوم وجوہات کی بناء پرپھر ادھورا ہی چھوڑ دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود کوئی اقدام نہیں کیا اور لوگ مختلف مسائل کا سامنا کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی۔