ماڈل ولیج جڑانوالی گلی کے کمپیوٹر سنٹر کی عمارت کھنڈر بن گئی

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے جڑانوالی گلی ماڈل ولیج میں تعمیر کردہ کمپیوٹر سنٹر کی عمارت کچھ ہی عرصہ میں کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ماڈل ولیج کے نام پر گاﺅں میں ایک کمپیوٹر سنٹر قائم کرنے کےلئے عمارت تعمیر کی گئی تھی جو کمپیوٹر فراہم کرنے سے قبل ہی کھنڈرا ت میں تبدیل ہو گئی ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے 2005-06میں جڑانوالی گلی کو ماڈل ولیج بنایا گیا تھا اور اس سلسلہ میں مقامی بچوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کےلئے ایک کمپیوٹر سنٹر قائم کرنے کےلئے ایک عمارت تعمیر کی گئی تھی لیکن اس وقت تک سنٹر کھولنے کےلئے کمپیوٹر ہی فراہم نہیں کئے گئے لیکن اب عمارت بھی کھنڈر بن گئی ہے ۔پنچایتی اراکین و مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کی تعمیر میں غیر معیاری ساز و سامان استعمال کرنے پر محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین کےخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ عمارت کی مرمت کروانے کےساتھ ساتھ کمپیوٹر سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مکینوں کو قاعدہ کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں ۔