مانگوں کے حق میںٹیچروں کی سلسلہ واربھوک ہڑتال جاری

 جموں//جموں اورسرینگرمیںٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مطالبات کے حق میں سلسلہ واربھوک ہڑتال جاری ہے۔جموں میں اس ہڑتال کا16 ویں اورسرینگرمیں 12ویں دن میں داخل ہوگئی ہے۔سلسلہ واربھوک ہڑتال کااہتمام ریاستی صدرجے کے آرٹی ٹی ایف کے ریاستی صدرونودشرما،سٹیٹ چیف کوآرڈی نیٹر سکھ دیوسنگھ سمبریااورصوبائی صدر جموں راجیش جموال نے کیاہے۔بھوک ہڑتال میں شامل اساتذہ کاکہناہے کہ ریاستی حکومت کو سرو شکھشا ابھیان کے تحت لگائے گئے اساتذہ کی طرف سوتیلا سلوک روا رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے انہیں ساتویں پے کمیشن سے محروم رکھنے کےلئے انتظامیہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ معماران قوم کو اس طرح ہڑتال کے لئے مجبور کرنا حکومت کی انتہائی بے حسی کی غماز ہے ۔ انہوں نے گورنر سے ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ملازمین کی طرز پر اساتذہ کو ساتویں پے کمیشن کی ادائیگی کے لئے پچھلے چار ماہ سے مسلسل جد و جہد کی جارہی ہے لیکن نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر حکام اس جانب توجہ نہیں دے رہے ہیں اور نتیجہ کے طور پر انہیں بھوک ہڑتال پر بیٹھنا پڑا ہے ۔ خطاب کرنے والوں میں ونود، گنیش کھجوریہ، گلزبیر ڈینگ سکھدیو سمبریا، پریتم گوسوامی، دنیش سنگھ، کلدیپ بندرال، پی ڈی سنگھ، گوتم سنگھ، ریکھا ٹھاکر ، اشرف کٹوچ اور دیگران شامل تھے۔یہ اساتذہ جہاں ساتویں پے کمیشن کے نفاذ کا مطالبہ کر رہے ہیں وہیں مرکزی اعانت والی اسکیم سروس شکھشا ابھیان SSAکے تحت تعینات اساتذہ کی تنخواہیں مرکزی بجٹ سے ڈی لنک کر کے انہیں ریاستی بجٹ سے منسلک کرنے کے خواہاں ہیں۔ اساتذہ کی دلیل ہے کہ جہاں انہیں دیگر ریاستی ملازمین کی طرز پر تمام تر مراعات دی جا رہی ہیں، پانچواں اور چھٹا پے کمیشن بھی نافذ کر دیا گیا ہے تو ساتویں پے کمیشن کے اطلاق میں کیا اڑچن ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ابھی حال ہی میں رہبر تعلیم فورم کے بینر تلے آر ای ٹی پانچ روزہ دھرنا پر تھے تو ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نامی تنظیم کے نمائندے پچھلے تین روز سے سلسلہ وار بھوک ہڑتال پر ہیں۔