مالی بیداری کی تجویزکاماہانہ ریڈیو پروگرام میں ذکر

جموں// لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے حالیہ ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ کے 10ویں قسط میں دیہی عوام میں مالی خواندگی کے حوالے سے اُوڑی کے رہائشی محمد اِقبال بڈھانہ کی تجاویز کا ذکر کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے محمد اقبال بڈھانہ کی تجویز کو سراہا اور کہاکہ لوگوں کے ذریعہ وسائل کے مؤثر اِنتظام میں مالی خواندگی اہم ہے ۔ ایل جی نے اَپنے ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ میں یقین دِلایا کہ حکومت اِس طرح کے بڑے پیمانے پر بیداری پروگراموں کے لئے پُر عزم ہے اور تمام لوگوں کو اِس کے فوائد سے آگاہ کرنے کی راہ پر گامز ن ہے۔اِس سے قبل محمد اقبال بڈھانہ جن کا تعلق اوڑی سب ڈویژن چولن کے دُور دراز علاقے سے ہے ، نے تجویز پیش کی تھی کہ اِنسانوں کی ترقی کے لئے وسائل کے بہتر اِنتظام کی خاطر نچلی سطح پر ہر قسم کے علم بالخصوص مالیاتی معلومات کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک جموںوکشمیر کا تعلق ہے ،یہاں عوام میں مالیاتی اِنتظام کے بارے میں کم علم ہے جو انہیں اَپنی دولت کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لئے کوئی قدم اُٹھانے سے روک رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حقیقی معنوں میں ترقی کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر عوام میںفائنانشل لٹریسی فراہم کرنا شرط ہے۔محمد اقبال بڈھانہ نے روڈ میپ دیتے ہوئے کہا کہ پنچایت اور بلاک سطح پر بیداری کیمپ منعقد کر کے اسے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔اُنہوں نے کالجوں اور ہائیر سکینڈری سکولوں میں اِس طرح کے کیمپس منعقد کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ طلاب کو ان کے دستیاب راستوں اور وسائل سے روزی روٹی کمانے کے ممکنہ طریقوں سے واقف کیا جاسکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ علم نوجوانوں میں بے چینی کو کم کرے گا کیوں کہ انہیں اَپنے وسائل اور ہنر کی بہترین ممکنہ سرمایہ کاری کے لئے جانکاری ملے گی۔محمد اقبال بہتر نتائج کے لئے بلاک یا پنچایت سطح پر مالیاتی اِنتظام کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے کچھ ریسورس پرسنوں کو یہ کام تفویض کرنے کا مشورہ دیتے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ کام بینک کے متعلقین یا کچھ دوسرے رضاکار بھی کر سکتے ہیں جن کے پاس مہارت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ فائنانشل مینجمنٹ کورسز پڑھنے والے یونیورسٹی طلاب کو بھی اِس سمت میں اَپنا کردار اَدا کرنے کی ترغیب دی جانی چاہیئے۔محمد اقبال نے ان کی تجاویز پر غور کرنے کے لئے ایل جی کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ میں لیفٹیننٹ گورنر  کا بے حد مشکور ہوں کہ انہوں نے اَپنے خطاب میں میری تجویز کو شامل کیا۔‘‘ اُنہوں نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا ،’’ یہ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہمیں اَپنے خیالات کو لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے پیش کرنے کے لئے اِس طرح کا پلیٹ فارم دستیاب ہے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ واقعی ایک اَچھا پروگرام ہے جس میں عوام الناس اَپنی تجاویز پیش کرسکتے ہیں اور جموںوکشمیر کی تاریخ میں پہلی بار پالیسی سازی کا حصہ بن سکتے ہیں۔