ماضی کے حکمران لوگوں کے مسائل اجاگر کرنے پرخاموش

سرینگر//جموں کشمیرمیں اس وقت کوئی جمہوری حکومت نہیں ہے جو لوگوں کے مسائل ومشکلات کا ازالہ کرتی اورجموں کشمیر کے ماضی کے خاندانی سیاسی سربراہاں اب لوگوں کے مسائل کواجاگر کرنے کے تئیں خاموش ہیں۔ان باتوں کااظہار کہری بل اننت ناگ میں اپنی پارٹی صدرالطاف بخاری نے پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بخاری نے کہا،’’وہ لیڈران اور سیاسی کارکنان جوکہ لوگوں سے چاند تارے توڑ لانے کے وعدے کیاکرتے تھے، آج لوگوں کی مشکلات کے تئیں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ یہ اس لئے کہ اُنہیں صرف اپنی فکر ہے وہ اپنے آپ کو ہی بچانا چاہتے ہیں۔ خودمختاری اور اسی طرح کے نعرؤںکی کھوکھلی چیخیں بالکل ختم ہوگئیں ہیں۔یہ واضح طور پر ایک گھوٹالہ ثابت ہوا ، جس کے ذریعہ انہوں نے تقریبا ًسات دہائیوں تک جموں و کشمیر کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کبھی بھی لوگوں کے جذبات سے نہیں کھیلے گی ، اس کے بجائے یہ ٹھوس معاملات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جوکہ لوگوں کی فلاح وبہبود کے لئے موزوں ہیں۔ بخاری کا کہنا تھا’’ہم کبھی بھی وہ بات نہیں کریں گے جس کو عملی جامہ نہ پہناسکیں ، جیسا کہ چند سیاستدان شرم محسوس کئے بغیر ہی کرتے رہے ہیں۔ ہماری جماعت نے ہمیشہ جموں وکشمیر کی یکساں ترقی پرزور دیا ہے، ایک سال کے اندر ہم نے لوگوں کی توقعات کے مطابق شفافیت اور اخلاص کے ساتھ کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے اور میرا یہ پختہ یقین ہے کہ آپ کی حمایت سے مستقبل میں بھی ہم ایکساتھ مل کر جموں وکشمیر کو امن، خوشحالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائیں گے‘‘۔اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ ریاستی درجہ کی بحالی اپنی پارٹی کا اہم مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وسیع خطہ جموں وکشمیر کے لئے ریاستی درجہ ناگزیر ہے، اِس پر بیوروکریٹک نظام کے ذریعے حکومت نہیں کی جاسکتی۔ ہماری مرکزی سرکار سے گذارش ہے کہ وہ جلد سے جلد ریاستی درجہ کی بحالی کے لئے فوری کوششیں کریں تاکہ مناسب طریقہ سے جمہوری عمل شروع ہوسکے۔اس موقع پر سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے بھی جلسہ سے خطاب کیا اور کہاکہ جمہوری حکومت کی غیر موجودگی میں لوگوں کو سخت متاثر ہونا پڑاہے۔ انہوں نے کہا’’میرا ماننا ہے کہ لوگوں کو اپنے نمائندے چننے کا حق ہے ، جن سے وہ شکایات کرسکیں اور جواُن کی مشکلات کا جلدی ازالہ کریں، اس کے لئے ریاستی درجہ کی بحالی اور اُس کے فوری بعد انتخابات ناگزیر ہیں‘‘۔کنونشن کے آخر میں پارٹی لیڈر اور چیئرمین اننت ناگ میونسپل کارپوریشن ہلال احمد شاہ نے ضلع اننت ناگ کا دورہ کرنے پر پارٹی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زمینی سطح پر پارٹٰ کو مضبوط بنانے کا عزم کیا۔