ماسک پہننا لازم قرار

 
واشنگٹن //صدر بائیڈن نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے 198 صفحات پر مشتمل منصوبہ جاری کیا ہے۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کرونا بحران سے نمٹنے کے لیے نئے احکامات جاری کر دیے ہیں جس کے تحت مسافروں کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے۔ وائٹ ہائوس میں جمعرات کو صحافیوں کے سامنے صدر بائیڈن نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے 198 صفحات پر مشتمل منصوبے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر نائب صدر کاملا ہیرس اور کرونا وائرس پر صدر بائیڈن کے مشیر ڈاکٹر انتھونی فاوچی بھی موجود تھے۔صدر بائیڈن کے منصوبے کے تحت بیرونِ ملک سے امریکہ سفر کرنے والے ہر مسافر کو ثابت کرنا ہو گا کہ اس کا کرونا ٹیسٹ منفی ہے۔ اسی طرح اندرونِ ملک چلنے والی پروازوں، بسوں اور ٹرینوں میں سفر کرنے والے افراد پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس سے قبل صدر بائیڈن نے صدارت کے پہلے روز 17 صدارتی حکم نامے جاری کیے تھے۔