ماسک نہ پہننے والوں سے جرمانہ وصول

سرینگر//پولیس نے شہر میں کورونا کی روکتھام کیلئے وضع کردہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔شہر میں کل پولیس نے ماسک نہ پہنے والوں پر جر مانہ عائدکیا۔ضلع سرینگر وادی کشمیر کا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع ہے ،جہاںوبائی بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد زیادہ ہے جبکہ 55 اموات بھی واقع ہوچکی ہیں ۔اس بیچ حکومت نے جہاں کووڈ۔19کی برق رفتاری پر روک لگا نے کیلئے دارالحکومت سرینگر سمیت شمال وجنوب کے کئی اضلاع میں از سر نو لاک ڈائون نافذ کرکے لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندیاں اور بندشیں عائد کیں ،وہیں اب کووڈ۔19کے حوالے سے وضع کردہ گائیڈ لائنز (قواعد وضوابط ) کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف پولیس نے سرینگر میں بڑے پیمانے پر مہم شروع کردی ۔سرینگر کے کئی علاقوں سکہ ڈافر ،صفا کدل ،کرن نگر ،رعناواری ،خانیار میں ماسک نہ پہنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جارہا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی جاری رہے گی ۔معلوم ہوا ہے کہ سرینگر میں جمعہ کو ایک درجن سے زیادہ افراد پر ماسک نہ پہنے کی پاداش میں جرمانہ عائد کیا گیا ۔سکہ ڈافر میں پولیس نے جمعہ کونجی گاڑیوں کو روک کر ان میں موجود افراد کوماسک کے بغیر پایا جس کے بعد ڈرائیوروں سے موقع پر چالان کرتے ہوئے ہزاروں روپے جرمانہ وصول کیاگیا۔ایس ایچ او صفاکدل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کروناوائرس بیماری سے بچائو کے رہنما خطوط پر عمل درآمد نہ کرنے پر کئی گاڑیوں کاچالان کرتے ہوئے ہزاروں روپے جرمانے کے طور پر وصول کئے گئے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ مقامی شہریوں نے پولیس کی کارروائی کی سراہنا کی ہے۔