مارے گئے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کوامداد

سرینگر//مارے گئے پولیس اہلکاروں اور ایس پی اوز کے لواحقین کی بہبود کے اقدامات کے تحت پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے 67لاکھ روپے کی رقم منظور کی ۔یہ بہبودی امداد مارے گئے چار پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے حق میں منظور کئے جانے کے علاوہ 47پولیس اہلکاروں اور ایس پی اوز کو امداد کے طور دی جائے گی ،جودوسری لہر کے دوران کووِڈ- 19مثبت پائے گئے تھے۔ایک حکم کے مطابق مارے گئے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے حق میں بیس بیس لاکھ روپے کی امداد منظور کی گئی جبکہ ایس پی اوکے لواحقین کوپانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے ۔اس میں سے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کوایک لاکھ اورایس پی اوکوپچاس ہزارروپے پیشگی آخری رسومات اداکرنے کیلئے دیئے گئے۔اسی طرح کووِڈ- 19مثبت پائے گئے پولیس اہلکاروں وایس پی اوزکے حق میںدولاکھ پینتیس ہزارروپے منظور کئے گئے جوان میں فی کس پانچ ہزار کے حساب سے ادا کئے جائیں گے۔