مارے گئے جنگجوئوں کو صحرائی کا خراج عقیدت

سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے معرکہ شوپیان میں جاں بحق جنگجوئوںکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان بھارت کے تسلط سے نجات حاصل کرنے کے لئے اپنا گرم گرم لہو بہارہے ہیں ۔ صحرائی نے بیان میں کہا کہ بھارت کا ریاست پر قبضہ تمام بین الاقوامی ضابطوں ،اخلاقی اصولوں ،قانونی ،سیاسی اور جمہوری تقاضوں کے برعکس ،صرف فوجی قبضہ ہے ۔جسے جموں کشمیر کے عوام نے کبھی بھی قبول نہیں کیا ہے اور یہاں عوام نے ہر دور میں سیاسی اور جمہوری سطح پر جبری قبضے کے خلاف آواز اٹھائی ،مگر بھارتی حکام نے ان سیاسی تحریکوں اور آواز کو بزور قوت کچلنے کی ہر ممکن کوشش کی ۔انھوں نے کہا کہ آج بھی بھارتی حکام یہاں کی سیاسی اور آزادی کی تحریکوں کو پوری قوت سے دبانے کے حربے آزمارہے ہیں ۔صحرائی نے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کا نتیجہ ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو اپنا سر ہتھیلی پر رکھ کر میدان میں آنا پڑا  تاکہ جموں کشمیر کا مسئلہ اجاگر ہو ۔صحرائی نے شوپیان میں مارے گئے عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قربانیاں ضرور رنگ لائے گی ۔انھوں نے اشفاق احمد صوفی کو بھی خراج عقیدت ادا کیا اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔