سرینگر //مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی عالمی وباء کے ابتدائی دنوں میں شروع کی گئی ایمبولنس سروسز 108کے ذریعے ابتک ایک لاکھ سے زائد ہنگامی نوعیت کے کیسوں کو ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں جن میں 1176کورونا مریض بھی شامل ہیں۔ 24مارچ 2020 کو شروع کی گئی ایمبولنس سروسز 108نے 22ماہ کے دوران جموں و کشمیر کے 20اضلاع میں مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو نہ صرف اسپتال پہنچایا بلکہ ٹریفکحادثات میں زخمی ہونے والے افراد کی جان بچانے میں بھی اہم رول ادا کیا ہے۔ 108 ایمبولنس سروس نے 1,00,201 ہنگامی نوعیت کے کیسوں میں خدمات فراہم کیں۔ ان میں پولیس کے 2104 ایمرجنسی کیس، آگ کے دوران زخمی ہونے والے 83افراد، 34 ہزار 145حاملہ خواتین ، ٹریفک حادثات اور دیگر وارداتوں میں زخمی ہونے والے 4548، 40ہزار 685عام مریض شامل ہیں۔درد زہ میں مبتلا 408 خواتین نے ایمبولنس گاڑیوں میں ہی بچوں کو جنم دیا جبکہ 11ہزار 765کورونا مریضوں کو بھی مختلف اضلاع سے اسپتال پہنچایا گیا ۔ ایمبولنس سروسز کے جنرل منیجر مشتاق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ 22ماہ میں 1لاکھ سے زائدافراد کی مدد کرنا صرف ملازمین کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے‘‘۔انکا کہنا تھا کہ عالمی وباء کے دوران شروع کی گئی ایمبولنس سروسز ہر گزر تے دن کے ساتھ جموں و کشمیر کے لوگوں کی ضرورت بنتی جارہی ہے اور اسلئے گاڑیوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ستمبر 2021تک ایمبولنس گاڑیوں کی تعداد 184تھی جن کی تعداد اب 212 تک پہنچ گئی ہے۔ جموں و کشمیر میں 108مفت ایمبولنس سروسز چلانے والے بی وی جی انڈیا لیمٹیڈ کے آپریشن ہیڈ ویکرانت گُسین نے کہا ’’ میں جموں و کشمیر میں 108خدمات چلانے والے ملازمین اور انتظامیہ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں لوگوں کیلئے یہ مفت ایمبولنس خدمات فراہم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے‘‘۔
مارچ 2020کے بعد 22مہینے | 212 ایمبولنس گاڑیوں کو 1لاکھ سے زائد مریضوں نے استعمال کیا
