اشفاق سعید
سرینگر//جموں وکشمیر میں مارچ کے مہینے میں 96فیصد بارشیں نہ ہونے کے سبب گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور لگاتار خشک موسم کسانوں اور میوہ باغ مالکان کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔ محکمہ باغبانی نے کسانوں کومشورہ دیا ہے کہ وہ باغات میںپودوں کو خشک سالی سے بچانے کیلئے اختیاط برتتے ہوئے محکمہ کے ساتھ رابطہ قائم کریں ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق جموں وکشمیر میں مغربی ہوائوں کی عدم موجودگی کے نتیجے میں مارچ کے مہینے میں 80فیصدجبکہ جموں شہر میں96فیصد بارش نہیں ہوئیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں معمول کے 117.6ملی میٹر کے مقابلے میں صرف 21.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،جبکہ جموں میں 68ملی میٹر بارش کے مقابلے میں صرف 2.1ایم ایل بارش ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال جموں میں مارچ میں ہی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37ڈگری سلسیش کو چھو گیا تھا جبکہ سرینگر میں بھی درجہ حرارت 28ڈگری تک جا پہنچا ۔خشک سالی کے حوالے سے محکمہ باغبانی کے ڈائریکٹر جنرل اعجاز احمدکی جانب سے کسانوں کیلئے ایک ایڈوائزی جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے اوئل میں موسمی حالات نے وادی کے باغبانوں کو قدرے پریشان کر دیا ہے کیونکہ وہ زیادہ درجہ حرارت پر فکر مند ہیں۔انہوں نے ایڈوائزی میں کہا ہے کہ اگر خشک موسمی حالات برقرار رہے تو پھلوں کی پیداوار بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے باغات گرم موسمی حالات کیلئے کافی حساس ہیں اور انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جہاں بھی آبپاشی کی سہولت موجود ہو ،اپنے باغات کو فوری طور پر سیراب کریں۔آبپاشی ترجیحی طور پر صبح یا شام میں کی جانی چاہیے۔موسم بہار میں درختوں کے تنو کو وائٹ واش کرنے سے درخت کو ٹھنڈا رہنے میں مدد ملتی ہے کیونکہ یہ سورج کی روشنی اور گرمی کو دور کرتا ہے۔ ٹھنڈے درخت میں کم تناؤ ہوتا ہے اور وہ گیس کے تبادلے کیلئے اپنے اسٹومٹا کو زیادہ دیر تک کھول سکتا ہے ۔درخت میں زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ اسے پودوں اور پھلوں کی نشوونما کے لیے زیادہ توانائی فراہم کرتا ہے۔ یہ دھوپ میں جلنے اور تنے کی سطح کو پھٹنے سے روکنے میں بھی مدد کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سلیکڈ،ہائیڈریٹڈ لائم (5 کلوگرام) کاپر سلفیٹ (نیلتھوتھا) 310 گرام 100 لیٹر پانی میں ملا کر ایک سادہ وائٹ واش تیار کیا جا سکتا ہے۔ وائٹ واش لگانے سے پہلے تنے کو صاف کرنا ضروری ہے۔ باغبانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ محکمہ کے فیلڈ افسران کے ساتھ مشاورت کے ساتھ ’اسپرے شیڈول 2022‘ پر عمل کریں۔