مارچ اپریل میں انتخابات متوقع ۔25نومبر کے بعد الیکشن کمیشن چنائو تیاریاں شروع کریگا :اشوک کول

عازم جان

بانڈی پورہ// بی جے پی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں آئندہ سال مارچ، اپریل میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد متوقع ہے۔ریاستی یونٹ کے جنرل سیکریٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ حتمی الیکٹورل رول 25 نومبر تک مکمل ہونگے جس کے بعد ووٹر لسٹ منظر عام پر آئیں گے اور اسکے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں کرے گا۔ موصوف نے بانڈی پورہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ 25نومبر کو حتمی الیکٹورل رول کی اشاعت کے بعد جموں وکشمیر میں انتخابات آئندہ سال کے مارچ۔اپریل میں ہونے کی امید ہے۔اْن کے مطابق جنوری اور فروری کے مہینے موسمی حالات کی وجہ سے انتخابات کے لئے موزون نہیں لہٰذا یہ ظاہر ہے کہ انتخابات اگلے سال مارچ اپریل میں ہی ہوں گے۔ڈیلی ویجروں کے مسائل حل کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اشوک کول نے کہاکہ اْنہیں عنقریب ہی کم سے کم اجرت ایکٹ میں شامل کیا جا ئے گا۔اشوک کول نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں بھاجپا دن بدن مضبوط ہو رہی ہے اور آئے روز نئے چہرے پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔اْن کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ بی جے پی نے جتنے بھی وعدے کئے اْنہیں پورا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے جائز مسائل کو اْن کی دہلیزوں پر حل کرنے کی خاطر بھاجپا اپنے وعدے پر کاربند۔بھاجپا جنرل سیکریٹری نے کہاکہ آنے والے اسمبلی چنائو میں بی جے پی واحد بڑی پارٹی کے طورپر اْ بھر کر سامنے آئے گی اور اگلا وزیر اعلیٰ بھاجپا کا ہی ہوگا۔