ماحولیاتی تحفظ میں نوجوانوں کا رول اہم: خورشید گنائی

سرینگر//گورنرکے مشیر خورشید احمد گنائی نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ آگے آکر ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنا اہم رو ل ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کی آلودگی اور خستہ حالی قومی اور بین الاقوامی سطح پر لوگوں کے لئے نقصان دہ ہے۔مشیر موصوف یہاں سکاسٹ (کے) میں ایکو ٹورازم اور ماحولیات کے موضوع پر تیسری بین الاقوامی تحقیقی کانفرنس کا افتتاح کر رہے تھے۔یہ کانفرنس31 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔وائس چانسلر سکاسٹ ڈاکٹر نذیر احمد، ڈائریکٹر ریسرچ ایم وائی زرگر، ڈائیریکٹر ایکولوجی ، انوائرنمنٹ اینڈ ریموٹ سینسنگ ڈاکٹر او پی شرما، ہیڈ این آئی ایچ میری لینڈ یو ایس اے اے ایچ خان ، کانفرنس کے آرگنائزنگ سیکرٹری ڈاکٹر اے کے دوبے کے علاوہ مختلف اداروں کے مندوبین بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے نوجوانوں پرزور دیا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے حکومت کی طر ف سے کئے جارہے اقدامات میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے ہماری ریاست کو بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے اس صحت مند ماحول کا تحفظ ہم سب کو فرض ہے۔مشیر موصوف نے سائنسدانوں اور مندوبین پر زور دیا کہ وہ تحقیق کے میدان میں اپنے تجربات سے نوجوانوں کو روشناس کرائیں تا کہ نئی نسل ماحولیات کے تحفظ کے لئے اپنا کردار نبھا سکے۔جموں وکشمیر کو سیاحوں کی منزل قرار دیتے ہوئے خورشید گنائی نے کہا کہ ٹور اینڈ ٹریول صنعت ریاست میں بنیادی ایکو ٹورسٹ مقامات کو فروغ دینے میں کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھیں گے۔بعد میں مشیر موصوف نے اے کے دوبے اورعمران خان کے علاوہ دو اور سکالروں کے سوؤنئیر اور پبلی کیشنز کا اجراء کیا۔انہوں نے سکاسٹ کیمپس میں قائم ہائی ڈنسٹی سیب کے باغ کا دورہ کیا جہاں صرف ڈیڑھ سال میں سیب کی پیداوارممکن ہوتی ہے۔