مابعد تنسیخ دفعہ370

 سری نگر//مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیانند رائے نے بدھ کو ملکی پارلیمان کے ایوان بالاکو ایک تحریری جواب میں مطلع کیا کہ جموں و کشمیر حکومت کو دفعہ370 کی منسوخی کے بعد اب تک تقریباً 31000کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ ممبر پارلیمنٹ ایم پی نارائن داس گپتا کے سوال پر راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں وزیر داخلہ نتیانند رائے نے کہا کہ حکومت نے 19 فروری 2021کو مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کی صنعتی ترقی کیلئے نئی مرکزی سیکٹر اسکیم کو متعارف کیا ہے تاکہ جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کو راغب کریں۔مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیانند رائے نے کہاکہ اس کی تکمیل جموں وکشمیر انڈسٹریل پالیسی، جموں وکشمیر پرائیویٹ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پالیسی اور جموںوکشمیر انڈسٹریل لینڈ الاٹمنٹ پالیسی کے ذریعے کی گئی ہے۔مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ کاتحریری جواب میں کہناتھاکہ ان اقدامات نے ایک اچھا ردعمل پیدا کیا ہے اور جموں و کشمیر کی حکومت نے اب تک تقریباً31000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لئے تجاویز موصول ہونے کی اطلاع دی ہے۔