اشفاق سعید
سرینگر // کٹھن موسمی صورتحال نے جموں وکشمیر میں نہ صرف زمینداری کے سیزن کو متاثر کیا ہے، بلکہ اس سال ابھی تک معمول سے زیادہ بارشیں بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔مئی کے مہینے میں کشمیر کے متعدد اضلاع میں اچھی خاصی بارش ریکارڈ کی گئی اور شدت کی ژالہ باری بھی ہوئی۔ ماہرین نے لگاتار بگڑتی موسمی صورتحال کو گلوبل وارمنگ کے ساتھ جوڑ دیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سال مارچ کے مہینے میں 48فیصد کم اور اپریل میں 49فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق یکم مارچ سے 31مئی تک کپوارہ،بڈگام، شوپیان، کشتواڑ اور کھٹوعہ اضلاع میں 20سے 59فیصد کم بارشیں ہوئیںجبکہ پونچھ ،راجوری اور سانبہ میں20سے59فیصد زیادہ بارش ہوئی۔ دیگر اضلاع میں معمول کے مطابق 19فیصدبارشیں ریکارڈ کی گئیں۔مئی 2023کے مہینہ میں گذشتہ 10برسوں میں سب سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔مئی کے31روز میں کوکر ناگ میں 215ملی میٹر،پہلگام میں 176ملی میٹر،گلمرگ میں 148ملی میٹر،کولگام میں 132ملی میٹر،شوپیان میں 70ملی میٹر،بانڈی پورہ میں 70ملی میٹر،گاندربل میں100ملی میٹر،کپوارہ میں 65ملی میٹر،سرینگر میں 86ملی میٹر،جموں میں 90ملی میٹر،پونچھ میں 203ملی میٹر،راجوری میں140ملی میٹر،رام بن میں 182ملی میٹر،کھٹوعہ میں 24ملی میٹر اور کشتواڑ میں 25ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ یکم مارچ سے 31مئی تک سرینگر میں 275.7ملی میٹر بارش ہونی چاہئے تھی، لیکن اس کے مقابلے میں 279ملی میٹرریکارڈ کی گئی ۔ بڈگام میں 193.3 ملی میٹر کے مقابلے میں 271ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔گاندربل میں 287.3ملی میٹر کے مقابلے میں 328.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ شمالی کشمیر میںبانڈی پورہ میں 267.9ملی میٹر کے مقابلے میں 281.7ملی میٹر،بارہمولہ میں 371.9ملی میٹر کے مقابلے میں 362.7ملی میٹر اورکپوارہ میں 327.6ملی میٹر کے مقابلے میں 435.2ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔جنوبی کشمیر میں ضلع اننت ناگ میں367.3 ملی میٹر معمول کے مقابلے میں 359ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔کولگام میں 387.7ملی میٹر کے مقابلے میں 411.4ملی میٹر ،شوپیان میں 212.7ملی میٹر کے مقابلے میں 294.7ملی میٹر بارش اورپلوامہ میں 212.8ملی میٹر کے مقابلے میں 205.7ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ا عداد وشمارکے مطابق مئی 2019میں سرینگر ضلع میں 75.7ملی میٹر اور پہلگام میں 131.1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی ۔ مئی 2018میں قاضی گنڈ میں 107.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔مئی 2014میں کپوارہ میں 145.6ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ 2019میں گلمرگ میں 167.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ سردیوں میں برف باری اور بارش کی کمی کے بعد، جموں و کشمیر میں یکم مارچ سے مئی تک بارش معمول کے مطابق رہی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا کہ اوسط سے کم یا اس سے اوپر تقریباً 19 فیصد کو نارمل سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ بارشوں کی کمی فروری اور مارچ کے موسم بہار کے مہینے میں ہوئی تاہم، اپریل اور مئی کے پہلے ہفتے سے بارش اچھی رہی، جس نے موسم بہار کی بارش کی مجموعی پیمائش کو معمول کی طرف لایا ہے۔محکمہ موسمیات کے ذریعہ فراہم کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں اپریل میں مجموعی طور پر 113 ملی میٹر اوسط بارش ہوئی جب کہ عام طور پر 99.5 ملی میٹر یعنی 13 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ 28 اپریل سے 4 مئی تک، جموں و کشمیر میں 59 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو معمول سے تقریباً 70 فیصد زیادہ ہے۔ کشمیر میں 234.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ جموں ڈویژن میں یکم مارچ سے 11 مئی تک 237 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔حکام نے کہا کہ جنوری اور فروری میں، جموں و کشمیر میں 22 فیصد کم بارش اور برف باری ہوئی تھی۔ جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 225 ملی میٹر بارش کے مقابلے 176 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مارچ میں کشمیر میں بارش میں 69 فیصد کمی دیکھی گئی تھی جبکہ جموں میں معمول سے کم اوسط 44 فیصد تھی۔ جموں و کشمیر میں سالانہ اوسط بارش عام طور پر 700-750 ملی میٹر کے درمیان ہوتی ہے۔