غلام نبی رینہ+عارف بلوچ
کنگن+اننت ناگ// لداخ کے نوبرا سب ڈویژن میں گرنے والے زیر تعمیر پل کے ملبے تلے چار مزدور ہلاک ہوئے۔حکام نے بتایا کہ ضلع لیہہ کے گاؤں ڈسکیٹ کے قریب زیر تعمیر شاتسے ٹکنا پل کا ایک حصہ ہفتہ کی شام تقریباً 4 بجے تیز ہوا کی وجہ سے گر گیا، جس میں چھ مزدور پھنس گئے۔حکام نے بتایا کہ 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مشترکہ ریسکیو آپریشن کے بعد جائے وقوعہ سے 4 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں، جب کہ دو افراد کو زخمی حالت میں بچا کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔مرنے والوں کی شناخت جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے راج کمار اور ورندر، چھتیس گڑھ کے منجیت اور پنجاب کے لو کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمی راجوری کے کوکی کمار اور چھتیس گڑھ کے راج کمار کا علاج چل رہا ہے۔لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر نے ریسکیو آپریشن کی قریب سے نگرانی کی اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔واقعے کے فوراً بعد، فوج کی مقامی 102 بریگیڈ، بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے پروجیکٹ وجائک کے ساتھ ساتھ ایئر فورس اسٹیشن لیہہ کی آپریشنل مدد کے ساتھ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ادھراننت ناگ میں سڑک کے الگ الگ حادثے میں نوجوان اور کم عمر لڑکا لقمہ اجل بن گئے۔دیالگام میں اتوار کی دوپہر تیز رفتار آلٹو گاڑی زیر نمبر JK02AT/ 8004 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک پر لڑھک گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور ڈرائیور خالد احمد نجار ولد مختار احمد نجار ساکن کاڈی پورہ اننت ناگ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔ بجبہاڑہ میں سہ پہر کو نامعلوم لوڈ کریئر نے سڑک پر چل رہے 9 سالہ کمسن معین فیاض گندرو ولد فیاض احمد کو زوردار ٹکر ماری جس کے نتیجے میںوہ شدید زخمی ہوگیااور اسپتال منتقل ہونے کے دوران دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کی ہے۔